حکومت پاکستان بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ اور مذہبی اقلیتوں کی فلاح و بہبود کیلئے پر عزم ہے ،وفاقی وزیرسردار محمد یوسف

157

لاہور۔14اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ اور مذہبی اقلیتوں کی فلاح و بہبودکے لیے پر عزم ہے ،حکومتی سطح پر یہ اقدامات بین المذاہب ہم آہنگی اور مذہبی سیاحت کے فروغ کو ظاہر کرتے ہیں۔ ان خیا لا ت کا اظہا ر انہوں نے پیر کو متروکہ وقف املاک بورڈ کے زیر انتظام گورو دوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب میں منعقدہ وساکھی میلہ کی مرکزی تقریب سے خطا ب کر تے ہو ئے کیا ۔

وفاقی وزیر نے وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور پوری قوم کی طرف سے سکھ برادری کو وساکھی میلہ اور خالصہ جنم دن کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان نے مذہب کا احترام کرتے ہوئے سکھ یاتریوں کی اتنی بڑی تعدادکو ویزے جاری کیے ،حکومت پاکستان بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ اور مذہبی اقلیتوں کی فلا ح وبہبودکے لیے پر عزم ہے ۔

وزارت مذہبی امور کا ادارہ متروکہ وقف املاک بورڈ ،سکھ ،ہندو اور دیگر مذاہب کے پاکستان میں منعقد ہونے والے ہر تہوار کو نہ صرف اہمیت دیتا ہے بلکہ ان کی تقریبات کا انعقاد ، رہائشی سہولیات ،لنگر کا اہتمام ، ٹرانسپورٹ اورسیکورٹی کے انتظامات کرنے میں مرکزی کردار ادا کررہا ہے ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم نے دوسری مرتبہ ان پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے اقلیتوں کی خدمت کی ذمہ داری سونپی ہے ،حکومتی سطح پر مسلم برادری کی طرف سے یہ اقدامات بین المذاہب ہم آہنگی اور مذہبی سیاحت کے فروغ کو ظاہر کرتے ہیں۔ وفاقی وزیر نے یاتریوں کیلئے کیے گئے انتظاما ت کو سراہتے ہوئے متروکہ وقف املاک بورڈ اور پاکستان سکھ گور ودوارہ پر بندھک کمیٹی کو خراج تحسین پیش کیا ۔

اس موقع پر وزیر مملکت کھیل داس کوہستانی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان اقلیتوں کی خوشحالی کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے ، آج کی یہ منعقدہ تقریب بین المذاہب ہم آہنگی کی بہتر ین تصویر ہے، اس طرح کا احترام و ہم آہنگی کا تصورصرف پاکستان میں ہی ملتا ہے ۔ انہو ں نے کہا کہ یہ اولیا اور صوفیا کی دھرتی ہے ،یہ امن کی دھرتی ہے۔بھارت سے آئے دہلی گورو دوارہ پر بندھک کمیٹی کے دلجیت سنگھ سرنا نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بھارت سمیت دنیا بھر سے آنے والے سکھ پاکستان میں اپنے گورو دوارہ صاحبان کے درشن کر کے بہت خوش ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ٹرسٹ بورڈ انتظامیہ کے گورودوارہ صاحبان میں یاتریوں کے لیے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں، اگرچہ یاتری پہلے سے دوگنا تعداد میں آئے ہیں اس کے باوجود پاکستان میں ہماری مہمان نوازی میں کوئی کمی نہیں چھوڑی گئی ۔

پاکستان سکھ گورو دوارہ پر بندھک کمیٹی کے پردھان و صوبائی وزیر اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ متروکہ وقف املاک بورڈ اور پاکستان سکھ گرودوارہ پر بندھک کمیٹی مل کر یاتریوی کی مہمان نوازی اور خدمت کے لیے دن رات کوشاں ہیں ۔وزیر اعلیٰ پنجاب اقلیتوں سے خصوصی محبت رکھتی ہیں یہی وجہ ہے کہ پاکستان میں سکھوں سمیت تما م اقلیتوں کی بڑی عزت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں گورودوارہ صاحبان کی تزئین و آرائش کی جا رہی ہے ۔

تقریب سے ایڈیشنل سیکرٹری شرئنز ،صوبائی وزرا ء، بھارت سے آئے سکھ جتھہ لیڈر سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا جبکہ ہائی کمیشن یو کے مسٹر بن ،وفاقی وزارت مذہبی امور کے نمائندے ،متروکہ وقف املاک بورڈ فرید اقبال ،ڈپٹی کمشنر،ڈی پی او ننکانہ ،ڈپٹی سیکرٹری عمر جاوید اعوان ، ہندو رہنما ،سیکورٹی آفیسر عاصم چوہدری سمیت مختلف اقلیتی و سیاسی رہنمائوں اور بورڈ کے افسران نے شرکت کی۔ تقریب کے شرکا ء نے پاکستان زندہ باد سکھ مسلم دوستی زندہ باد کے نعرے لگائے جبکہ آخر میں سکھ رہنمائوں کی طرف سے وفاقی وزیر سمیت دیگرشرکا ء میں خصوصی تحائف تقسیم کیے گئے۔