حکومت پاکستان فلسطین اور کشمیر کی آزادی کے لیے آخری حد تک جائے گی ، پیر نورالحق قادری

115

باغ۔21مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان فلسطین اور کشمیر کی آزادی کے لیے آخری حد تک جائے گی ، نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی بم باری عالمی امن کے ٹھیکیداروں کے لیے لمحہ فکریہ ہے ، عمران خان نے پانچ اگست کے بھارتی اقدامات واپس لینے تک بھارت سے ہر قسم کی تجارت بند کر کے کشمیری مسلمانوں کے حوصلے بلند کیے ہیں ، پوری امت مسلمہ کو چاہیے کہ فلسطین اور کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کے عالمی سطح پر آواز بلند کریں اور اسرائیل اور بھارت کے مکرو چہرے کو دنیا کے سامنے بے نقاب کریں ، فلسطین پر بمباری بند کرانے کے لیے عمران خان نے وزیر خارجہ کو بغیر وقت ضائع کیے عالمی دنیا کے پاس بھیجا پاکستان اس وقت پوری دنیا میں فلسطین کا سفیر بن کر کام کر رہا ہے ، وقت کی ضرورت ہے کہ مسلمان ممالک کھل کر فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کی آواز بن کر اسرائیل اور بھارت کے ساتھ تجارتی اور سفارتی بائیکاٹ کا اعلان کریں اگر اسرائیل اور بھارت کو بربریت سے نہ روکا گیا تو یہ تمام مسلمان ممالک کے لیے خطرے کی گھنٹی بن سکتے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دورہ باغ کے دوران امریکن بیلنگ کمپنی ایم ٹی بی سی میں منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر انہوں نے ایم ٹی بی سی میں گیسٹ ہائوس اور ایچ بی ایل کیطرف سے نصب شدہ اے ٹی ایم مشین کا افتتاح کیا ۔ تقریب سے ممبر اسمبلی آزاد کشمیر پیر علی رضا بخاری ، پبلک ریلیشن آفیسر زرطیف بادشاہ ، مولانا امتیاز صدیقی ، مولانا عطا اللہ شاہ ، سید ظہیر گردیزی ، مولانا عمران شاہ ، اشتیاق خان ، قاری سجاد سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری نے کہا کہ ایم ٹی بی سی باغ کے چیئرمین محمود الحق نے باغ کے اندر جدید طرز کا آئی ٹی ادارہ قائم کر کے نا صرف باغ کے نوجوانوں کو روز گار کے مواقع فراہم کیے بلکہ یہاں کے ہزاروں نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے بھی اپنا بھر پور کردار ادا کیا ہے یہ ادارہ بین الاقوامی معیار کا باغ کا اندر قائم ہونا اہل باغ اور کشمیر کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں ہے ہم اس ادارے کے چیئرمین اور پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کرتے ہیں کہ انہوں نے نا صرف باغ بلکہ پاکستان کے تمام دینی اداروں کے اندر جدید سائنسی علوم کے لیے کمپیوٹر لیبز دینے کی آفر کی ہم مشاورت کے بعد جدید ٹیکنالوجی سے طلباء کو ہمکنار کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے ، باغ شہیدوں اور غازیوں کی سر زمین ہے یہاں کے سیاسی اور مذہبی اکابرین نے تحریک آزادی کشمیر اور تکمیل پاکستان کے ساتھ آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے آج کے دن مقبوضہ کشمیر میں شہید ہونے والے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں ، انہوں نے کہا کہ آج پورے پاکستان میں وزیر اعظم پاکستان کی کال پر فلسطین کی عوام پر اسرائیلی جارحیت کی مذمت کے لیے احتجاجی مظاہرے کیے جا رہے ہیں پاکستان اور عالم اسلام اقوام متحدہ اور عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کرتا ہے کہ فلسطین پر ہونے والے مظالم مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی کے خلاف فوری طور پر اسرائیل کا سفارتی بائیکاٹ کرتے ہوئے اس پر پابندیاں عائد کریں ۔