اسلام آباد۔3ستمبر (اے پی پی):نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان نے افغانستان کے لیے 105 ٹن امدادی سامان روانہ کر دیا ہے۔بدھ کو ایکس پر جاری اپنے بیان میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ افغان وزیر خارجہ امیر خان متقی سے ان کے ٹیلیفونک رابطے کے بعد آج حکومت پاکستان نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر افغانستان کے لیے 105 ٹن امدادی سامان روانہ کر دیا ہے،
امدادی سامان میں اشیائے خوردونوش، ادویات، خیمے، کمبل اور ببل میٹ شامل ہیں جو حالیہ زلزلوں سے متاثرہ افغان عوام کی مدد کے لیے فراہم کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم متاثرین کے لیے دلی تعزیت اور دعائے مغفرت کرتے ہیں اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا گو ہیں، پاکستان اس کڑے وقت میں برادر افغان عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔