حکومت پاکستان پولیو کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے، وفاقی وزیر صحت

160

اسلام آباد۔13جون (اے پی پی):وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان پولیو کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے، بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے سے انکار اور بین الصوبائی نقل مکانی سے اس وائرس سے چھٹکارا حاصل کرنے کے بنیادی چیلنجز کا سامنا ہے۔

انہوں نے نجی ٹی وی چینل سے پیر کو گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور افغانستان دنیا کے وہ ممالک ہیں جہاں پولیو وائرس گردش کرتا ہے، موجودہ صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے حکومت نے جدید ترین انسداد پولیو سینٹر قائم کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پولیو ویکسین کے انکار کی وجہ سے اس سال پولیو کا 8 واں کیس رپورٹ ہوا، 8 کیسز شمالی وزیرستان میں رپورٹ ہوئے ہیں، اس خطے میں والدین اکثر اپنے بچوں کو ویکسین سے انکار کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان میں اس وقت بھی پولیو وائرس کا خاتمہ ایک چیلنج ہے، تاہم وفاقی حکومت کے قومی ہنگامی ایکشن پلان کے تحت تیز اور مربوط کوششوں کے ذریعے وائرس کی منتقلی کو روکنے کی کوششیں جاری ہیں۔انہوں نے کہا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کا تعاون ضروری ہے اور حکومت وائرس پر قابو پانے کے لیے مضبوط حکمت عملی اپنائی جا رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملک کے دور دراز علاقوں میں رہنے والے لوگوں میں شعور اجاگر کرنے کے لیے ایک آگاہی مہم بھی چلائی جا رہی ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت ادویات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے تمام عملی اقدامات کر رہی ہے،اسکیم میں مسائل کے باوجود ہیلتھ کارڈ پروگرام جاری رہے گا۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ سندھ حکومت غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزارنے والوں کے لیے ہیلتھ انشورنس اسکیم شروع کرنے پر بھی غور کر رہی ہے۔.