حکومت پاکستان کا متحدہ عرب امارات کی طرف سے پاکستان کو 3 ارب ڈالر فراہم کرنے کے اعلان کا خیرمقدم

100

اسلام آباد ۔ 21 دسمبر (اے پی پی) حکومت پاکستان نے متحدہ عرب امارات کی طرف سے پاکستان کو 3 ارب ڈالر فراہم کرنے کے اعلان کا خیرمقدم کیا ہے۔ جمعہ کو وزارت خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات کی حکومت کی جانب سے 3 ارب ڈالرکی رقم کی وصولی سے پاکستان کے غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہو گا اور پاکستانی کرنسی کو استحکام ملے گا۔ وزارت خزانہ کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اس رقم کی وصولی سے موجودہ حکومت کے مقامی طور پر استحکام کے پروگرام کو کامیاب بنانے میں مدد ملے گی۔ متحدہ عرب امارات کے اس اعلان کے بعد وزیراعظم عمران خان نے آزمائش کے وقت میں پاکستان کی فراخدلی سے معاونت پر یو اے ای کا شکریہ ادا کیا ہے۔ ابوظہبی کے فنڈ برائے ترقی سے جاری اعلامیہ کے مطابق تین ارب ڈالر سٹیٹ بینک آف پاکستان کو منتقل کئے جائیں گے جس کا مقصد پاکستان کو مالی تعاون فراہم کرنا ہے۔ جمعہ کو اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہاکہ یہ اقدام برس ہا برس پر محیط ہماری پائیدار دوستی اور عزم کا عکاس ہے۔ متحدہ عرب امارات کے خبر رساں ادارے ”وام” کے مطابق آنے والے دنوں میں یہ رقم منتقل کردی جائے گی جس سے پاکستان کو زرمبادلہ کے ذخائر بہتر بنانے میں مدد حاصل ہوگی۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اس مالی تعاون کا فیصلہ دونوں برادر ممالک کے دیرینہ تعلقات اور تاریخی عوامی تعاون کو مدنظر رکھ کر کیا گیا ہے۔ ان تعلقات اور تعاون کو مزید شعبوں میں فروغ بھی دیا جائے گا۔ ابوظہبی فنڈ پہلے بھی پاکستان میں توانائی، صحت، تعلیم اور انفراسٹرکچر شعبے کے 8 ترقیاتی منصوبوں کیلئے ڈیڑھ ارب درہم فراہم کرچکا ہے، اس میں 93 کروڑ درہم گرانٹ کی شکل میں دیئے ہیں۔ دریں اثناء وزیراعظم عمران خان نے آزمائش کے وقت میں پاکستان کی فراخدلی سے معاونت پر متحدہ عرب امارات کی حکومت کا شکریہ ادا کیا ہے۔