اسلام آباد۔1جنوری (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان کو فلاحی ریاست بنانے کی جانب گامزن ہے، سال نو کے دوران میری ترجیح یہ ہے کہ تمام شہریوں کو علاج کی سہولت حاصل ہو اورکوئی بھوکا نہ سوئے۔ جمعہ کو اپنے ٹویٹس میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کورونا وبا کے باعث سال 2020ہمارے اورد نیا بھرکےلئے بہت کٹھن رہا مگر اللہ رب العزت کے احسان سے ہم بیشتر سے سہل اور بہتر رہے، ہم نہ صرف اپنے لوگوں کو وبا سے بچانے میں دوسروں کی نسبت زیادہ کامیاب رہے بلکہ انہیں بھوک کے ہاتھوں مرنے سے بھی بچایا، ہم پاکستان کو فلاحی ریاست بنائیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ احساس پروگرام کا مقصد غریب آدمی کو سماجی تحفظ فراہم کرنا ہے اور صحت کارڈ سکیم کے ذریعہ عام آدمی کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات دستیاب ہوں گی ۔ انہوں نے کہا کہ کے پی کے اور پنجاب میں صحت کارڈز کی فراہمی جاری ہے اور میری ترجیح ہے کہ تمام شہریوں کو یہ سہولت حاصل ہو۔ توقع ہے کہ اس سلسلے میں تمام صوبے یہ پروگرام شروع کریں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ فور ی طور پر’’کوئی بھوکا نہ سوئے‘‘ کے عنوان سے منصوبہ شروع کیا جائے گا۔ ان دو منصوبوں سے پاکستان کو رواں سال کے آخر تک فلاحی ریاست بنانے میں مدد ملے گی۔