حکومت پاکستان کی جانب سے ملک میں بجلی سے چلنے والی گاڑیاں تیار کرنے کی پالیسی متعارف کرانے کا فیصلہ جنوبی کوریا کی بیٹریاں بنانے والی کمپنی نے ملک میں چارجنگ انفراسٹرکچر قائم کرنے کی پیشکش کر دی

128

اسلام آباد ۔ 28 اگست (اے پی پی) حکومت پاکستان کی جانب سے ملک میں بجلی سے چلنے والی گاڑیاں تیار کرنے کی پالیسی متعارف کرانے کے پیش نظر جنوبی کوریا کی بیٹریاں بنانے والی کمپنی نے ملک میں چارجنگ انفراسٹرکچر قائم کرنے کی پیشکش کر دی۔ اس سلسلے میں کورین بیٹری مینوفیکچرر سن گاﺅ کے ایک وفد نے وزیراعظم کے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم سے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیراعظم کے مشیر نے وفد کو بتایا کہ حکومت کی الیکٹرک وہیکل پالیسی تیار ہے اور اسے منظوری کے لئے ایک ہفتہ کے اندر کابینہ میں پیش کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس پالیسی کی منظوری سے ملک کے ٹرانسپورٹ اور ماحولیات کے شعبہ میں نئی راہیں کھلیں گی بلکہ اس سے گرین روزگار کے بھی مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تمام کمپنیوں کا خیرمقدم کرتا ہے اور الیکٹرک وہیکل مارکیٹ میں سرمایہ کاری کے لئے یکساں مواقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مارکیٹ سرمایہ کاری کے لئے تیار ہے اور یہی وقت ہے کہ صف اول کی کمپنیاں آگے آئیں اور بجلی سے چلنے والی گاڑیوں کی صنعت میں سرمایہ کاری کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ صرف مقامی مینوفیکچررز اس پالیسی سے استفادہ کر سکیں گے۔ اس موقع پر وفد کے سربراہ نے اپنی کمپنی اور اس کی مصنوعات و کاروبار کے طریقہ کار کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی کمپنی بیٹریوں کی مقامی سطح پر تیاری اور مقامی ضرورت پوری کرنے کے بعد برآمد کے لئے مقامی کمپنیوں کے ساتھ بات چیت کر رہی ہے۔