اسلام آباد۔6فروری (اے پی پی):حکومت پاکستان کی دعوت پر انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے ڈائریکٹر جنرل رافیل ماریانو گروسی آئندہ ہفتے پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے۔ یہ بات دفتر خارجہ کے ترجمان شفقت علی خان نے جمعرات کو یہاں پریس بریفنگ میں بتائی۔
انہوں نے کہا کہ ڈائریکٹر جنرل انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی دورے کے دوران وزیراعظم اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سے ملاقات کریں گے۔ وہ پاکستان نیوکلیئر ریگولیٹری اتھارٹی (پی این آر اے) اور نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) میں سیمینارز میں بھی شرکت کریں گے۔ وہ لاہور میں انمول ہسپتال اور چشمہ نیوکلیئر پاور جنریٹنگ سٹیشن کا بھی دورہ کریں گے۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان اور انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کے درمیان دیرینہ تعاون ہے جو 1957ء سے شروع ہوا۔ پاکستان اس وقت انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کے بورڈ آف گورنرز کا رکن ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ دورہ انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کے ساتھ جوہری ٹیکنالوجی کے پرامن استعمال پر پاکستان کی گہرے شراکت داری کی تصدیق کرتا ہے جس کا مقصد ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی کو فروغ دینا ہے۔