بہاول پور 14 مارچ (اے پی پی):صوبائی وزیر اقلیتی امورسردار رمیش سنگھ اروڑہ نے آرپی او رائے بابر سعید سے انکے دفتر میں ملاقات کی اور امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت پنجاب اقلیتی برادری کی فلاح و بہبود کے لیے سنجیدہ اقدامات اٹھا رہی ہے۔
ہم اپنے اقلیتی بھائیوں کی زندگیوں میں بہتر تبدیلی لانے کے لئے کام کر رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی قیادت میں اقلیتی برادری کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی تاکہ وہ سکون اور عزت کے ساتھ زندگی گزار سکیں۔صوبائی وزیر نے ہولی کے تہوار کے حوالے سے بھی بات کی اور کہا کہ ہولی کے پروگرام کا انعقاد امن و محبت کا پیغام دیتا ہے۔ اس تہوار کے دوران پولیس فورس کی خدمات قابلِ تحسین ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں اس موقع پر پولیس کی پوری فورس کا شکریہ ادا کرتا ہوں جو عوام کے تحفظ اور امن کے قیام کے لئے اپنی ذمہ داری بخوبی نبھارہے ہیں۔
آرپی او رائے بابر سعید نے صوبائی وزیر کی جانب سے اقلیتی برادری کے لئے کیے جانے والے اقدامات کی تعریف کی اور کہا کہ امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لئے محکمہ پولیس اپنے تمام وسائل بروئے کار لائے گا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=572831