لاہور۔6دسمبر (اے پی پی):کمیٹی آن جینڈر مین سٹریمنگ کنوینئر سارہ احمد نے کہا ہے کہ یو این ویمن کی جانب سے صنفی تشدد کے خاتمے کیلئے 25 نومبر سے جاری 16 روزہ خصوصی مہم خواتین کے حقوق کے تحفظ اور صنفی مساوات کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے، وزیر اعلی مریم نواز خواتین کو صنفی مساوات فراہم کرنے کیلئے پر عزم اور خواتین کی معاشی خودمختاری کے لئے خصوصی منصوبے ترتیب دیئے جا رہے ہیں تاکہ انہیں خودمختار اور مضبوط بنایا جا سکے۔
انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت نے خواتین کی شکایات کے فوری حل کیلئے ہیلپ لائن متعارف کروائی ہے تاکہ انہیں ہر ممکن مدد فراہم کی جا سکے، تعلیم یافتہ اور با اختیار خواتین ہی ترقی یافتہ معاشرے کی ضمانت ہیں۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ صنفی امتیاز کے خلاف عوامی شعور پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، خواتین کے لیے محفوظ ماحول کی فراہمی حکومت کی اولین ذمہ داری اور خواتین کو ہراساں کرنے کے واقعات کی روک تھام کے لئے سخت قوانین نافذ کیے جا رہے ہیں۔
سارہ احمد نے کہا کہ یو این ویمن کی یہ مہم خواتین کو خودمختار بنانے کی کوششوں کا تسلسل اور صنفی مساوات پر مبنی معاشرہ ہی خوشحال پاکستان کی بنیاد ہے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت پنجاب خواتین کے حقوق کے تحفظ کیلئے اپنی تمام تر کوششیں جاری رکھے گی۔