ملتان ۔ 10 دسمبر (اے پی پی):رکن صوبائی اسمبلی وپارلیمانی سیکرٹری برائے ہائر ایجوکیشن پنجاب اجمل خان چانڈیہ نے کہا ہے کہ خواتین کے حقوق کے تحفظ کیلئے حکومت پنجاب عملی اقدامات کر رہی ہے۔
ویمن سیفٹی ایپ،ہیلپ لائن اور عوامی مقامات پر خواتین کی فوری مدد کیلئے اقدامات کئے گئے ہیں۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار شیلٹر اینڈ پیس ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کے زیر اہتمام اورانسداد تشدد مرکز برائے خواتین ملتان کے تعاون سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ گھر میں والدین کو شعور دیں کہ بیٹی اور بیٹے میں فرق ختم کیا جائے۔
پنجاب ویمن ایمپاورمنٹ پیکج کے تحت صوبائی حکومت نے خواتین کی معاشی ترقی ،تشدد کے خاتمہ اور حقوق مہیا کئے ہیں ،انسداد تشدد مرکز برائے خواتین اس خطہ کی خواتین کے تحفظ کیلئے کسی نعمت سے کم نہیں ہے۔
ویمن پروٹیکشن ایکٹ 2017 پوری طاقت کے ساتھ فعال ہے۔برابری کی سطح کے مواقع پیدا کیے جارہے ہیں ۔ صنفی مساوات کے سلسلہ میں صوبہ پنجاب عملی مثال ہے جس کی ایڈمنسٹریٹر ایک خاتون ہیں۔خواتین کو حقوق کی آگاہی میں سب سے اہم حق خودارادیت ہے تاکہ وہ سوچ پائیں کہ وہ اپنا نمائندہ کس کو چن رہی ہیں۔برداشت اور رواداری سے برابری کے حقوق اور تشدد کا خاتمہ ممکن ہے۔تقریب سے سمیرا ستار،کومل اعجاز,انیلہ اشرف،صلوت شفیع،حرا احمد اور دیگر نے بھی خطاب کیا ،تقریب کے آخر میں واک بھی کی گئی۔