
راولپنڈی۔4اپریل (اے پی پی):صوبائی وزیر خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم راجہ راشد حفیظ نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب دین کی لازمی تعلیم کے ساتھ ساتھ سائنس و ٹیکنالوجی اور جدید پیشہ ورانہ علوم و فنون کے فروغ کیلئے انقلابی منصوبے شروع کر رہی ہے .
جہالت کے خاتمے اور سو فیصد شرح خواندگی کے حصول کو ٹارگٹ بنا کر تمام مطلوبہ وسائل و سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا ہماری حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے . صوبے بھر میں ہزاروں کی تعداد میں کمپیوٹر اور سائنس لیبارٹریوں کا قیام ، تعلیمی اداروں میں ڈبل شفٹ ، تدریسی عملے کی پیشہ ورانہ مہارتوں میں اضافہ اور سکولوں کی اپ گریڈیشن جیسے اقدامات کو زیر عمل لا کر ریاست مدینہ کی منزل کا حصول آسان بنایا جا رہا ہے . لوگوں کے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہونا شروع ہو چکے ہیں .
انہوں نے ان خیالات کا اظہار پی ٹی آئی کے پبلک سیکریٹریٹ میں ہفتہ وار کھلی کچہری کے دوران عوامی مسائل سنتے اور ان کے حل کیلئے موقع پر احکامات جاری کرتے ہوئے کیا . صوبائی وزیر کو لوگوں نے اپنے اپنے علاقوں کے اجتماعی اور انفرادی مسائل سے آگاہ کیا جن کے حل کے لئے صوبائی وزیر نے موقع پر ہی ٹیلی فون کرکے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کیں .
راجہ راشد حفیظ نے کہا کہ ماہ مقدس رمضان المبارک کے دوران گراں فروشی اور ذخیرہ اندوزی کو کنٹرول کرنے کیلئے صوبائی حکومت نے متعدد اہم اور نتیجہ خیز اقدامات کئے ہیں جن میں صوبے بھر کے اندر 400 ایسے سہولت بازار لگانا بھی شامل ہے جہاں کسان اور کاشتکار اپنی زرعی اجناس براہ راست عوام کو فروخت کر سکیں . اس عمل سے مڈل مین کا کردار انتہائی محدود ہو جائیگا جو ذخیرہ اندوزی اور مہنگائی پیدا کرتے ہیں .
انہوں نے کہا کہ حکومت نے اربوں روپے کی سبسڈی دے کر عوام کو چینی کی انتہائی سستے داموں فراہمی یقینی بنا دی ہے . اسی طرح روز مرہ استعمال کی متعدد دیگر اشیاء بھی عوام کو یوٹیلٹی سٹورز پر سستے داموں اور وافر مقدار میں میسر ہونگی . راجہ راشد حفیظ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سبسڈی پر ملنے والی اشیاء کی بازاروں میں سپلائی اور فروخت کا شکایات کے بارے میں اگر دیکھیں یا سنیں تو ثبوت کے ساتھ انتظامیہ کو مطلع کریں . حکومت ان کے نام صیغہ راز میں رکھ کر یہ کرپشن کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کرے گی .