فیصل آباد ۔ 21 دسمبر (اے پی پی) صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب ڈاکٹرز کے حالات کار بہترکرنے اوران کے دیگر مسائل کے حل پرخصوصی توجہ دے رہی تاہم ڈاکٹرز اپنی مسیحائی صفت کاخیال رکھتے ہوئے مریضوں کی بہتر نگہداشت کرکے ان کی دعائیں حاصل کریں۔انہوں نے یہ بات فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی میں ایلومنائی 2018ء کی تین روزہ تقریبات کے افتتاحی سیشن سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔صوبائی وزیر سماجی بہبود وبیت المال چوہدری اجمل چیمہ نے بھی تقریب میں شرکت کی جبکہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظفر علی چوہدری،فارن ایلومنائی کے صدر ڈاکٹر میاں زبیر،ارکان صوبائی اسمبلی فردوس رائے،لطیف نذر،شکیل شاہد،خیال کاسترو،میاں وارث عزیز،صدر چیمبر آف کامرس سید ضیاء علمدار حسین،پنجاب میڈیکل کالج کے قدیمی طلبائ،پروفیسر ڈاکٹرز اور موجودہ طلباء وطالبات کی کثیر تعداد اس موقع پر موجود تھی۔تقریب کے دوران سرجری کے شعبہ میںماضی کے نامورڈاکٹر پروفیسر ولی محمد ساغر اور پروفیسر ڈاکٹر مظفر جلال خان کی خصوصی پذیرائی کرتے ہوئے انہیں یادگاری شیلڈز دی گئیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین نے قدیمی اساتذہ کی بے پناہ عزت افزائی کرنے کی شاندار روایت کو سراہتے ہوئے کہا کہ اساتذہ کی تعظیم وتوقیر سے ہی ترقی نصیب ہوتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان ڈاکٹروں کو بے حد قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور ان کے حالات کار کو بہتر کرنا چاہتے ہیں یہی وجہ ہے کہ انہوں نے پاکستان کی ترقی اور عام آدمی کی خدمت کے لئے نوجوانوں سے بہت سی توقعات وابستہ کی ہوئی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹروں کی لاہور کی ایلومنائی کی طرف سے چار سو بیڈز پر مشتمل مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال بنانے کا اعلان کیا گیا ہے لہذا وہ فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی کی ایلومنائی سے بھی اس نوعیت کے فلاحی منصوبے شروع کرنے کی امید رکھتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ مزید وجدیدطبی سہولتوں کی فراہمی کے لئے سرکاری ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن کے منصوبوں پر عمل کر رہے ہیں اور صحت کے شعبہ کی ترقی واستحکام میں بہتری آرہی ہے اس سلسلے میں ڈاکٹرز کا تعاون ناگزیر ہے ۔انہوں نے صوبائی وزیر سماجی بہبود اجمل چیمہ کی طرف سے ہسپتالوں میں لواحقین اور پردیسیوں کیلئے شیلٹر ہومز بنانے کے اعلان کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ڈینٹل کالج کی عمارت کے منصوبے کے لئے بھی اقدامات کئے جائیں گے ۔انہوںنے کہا کہ فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی کو پنجاب میڈیکل کالج یونیورسٹی کے نام سے موسوم کرنے کے لئے کارکردگی بڑھانے پر توجہ دی جائے تاکہ اس طبی ادارے پر مزید فخر کرسکیں۔صوبائی وزیر سماجی بہبود اجمل چیمہ نے خطاب کرتے ہوئے ایلومنائی کی شاندار تقریب کو سراہا اور کہا کہ طب کے شعبہ میں نامور حیثیت حاصل کرنے کے لئے جونیئر ڈاکٹر اپنے سینئرز کی شاندار میڈیکل سروسز کی تقلید کریں۔انہوں نے فیصل آباد میں مزید دوبڑے ہسپتالوں اورمزید ایک میڈیکل یونیورسٹی کے قیام کا مطالبہ کرتے ہوئے محکمہ سماجی بہبود کی طرف سے سرکاری ہسپتالوں میں شیلٹر ہومز بنانے اور مستحق میڈیکل سٹوڈنٹس کی فیس ادا کرنے کا اعلان کیا ۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظفر علی چوہدری نے پروفیسرز ،سٹوڈنٹس اور مریضوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لئے فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی اور ملحقہ ٹیچنگ ہسپتالوں میں اصلاحات کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے علم وتحقیق میں اعلیٰ درجے فیکلٹیز کے قیام اور نیو کیمپس کی تعمیر سمیت دیگر انتظامی امور کے لئے آئندہ پانچ اور دس سالہ منصوبوں کے بارے میں بتایا ۔ایلومنائی تقریب سے فارن ایلومنائی کے صدر ڈاکٹر میاں زبیر،پروفیسر ڈاکٹر محمد علی ترمذی،پروفیسر ڈاکٹر حنا عائشہ،پروفیسر ڈاکٹر بلال احمد،پروفیسرڈاکٹر ساجد شیخ،ڈاکٹرزرقا ودیگر نے بھی خطاب کیا جبکہ پروفیسر ڈاکٹر امتیاز ڈوگر نے ایلومنائی تقریب میں شرکت کرنے پر مہمانوں ودیگر شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔آخر میں صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشد نے صوبائی وزیر سماجی بہبود اجمل چیمہ،وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظفر علی چوہدری اور تقریب کے دیگر منتظمین میں یادگاری شیلڈز تقسیم کیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=127192