حکومت پنجاب کاصوبے میں فن مصوری کے فروغ کیلئے صوبائی سطح پر مقابلہ مصوری منعقد کرنے کا اہتمام

138

راولپنڈی۔ 21 فروری (اے پی پی):حکومت پنجاب نے صوبے میں فن مصوری کے فروغ کو نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کے لئے ضلع، ڈویژن اور صوبائی سطح پر پہلا مقابلہ مصوری 2024 منعقد کرنے کا اہتمام کیا ہے۔ اس ضمن میں جاری کئے گئے شیڈول کے مطابق چکوال میں ضلعی سطح کا مقابلہ مصوری 26 فروری کو ڈسٹرکٹ کمپلیکس میں منعقد ہوگا جو دن ایک بجے سے چار بجے تک کے دورانیہ پر مشتمل ہوگا ۔

پنجاب آرٹس کونسل کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق ضلعی سطح کے مقابلہ مصوری میں اول پوزیشن حاصل کرنے والے کو پندرہ ہزار روپے جبکہ دوئم پوزیشن کیلئے دس ہزار روپے اور سوئم پوزیشن والے کو پانچ ہزار روپے کے انعامات دیئے جائیں گے ،مزید بتایا گیا کہ مقابلہ مصوری میں 16 سے 35 سال تک کے عمر کے مرد اور خواتین شرکت کے اہل ہیں۔ مقابلہ مصوری میں شرکت کے لیے رجسٹریشن فارم پنجاب آرٹس کونسل کی ویب سائٹ www.pac.punjab.gov.pk یا ڈویژنل آرٹس کونسلز سے حاصل کئے جا سکتے ہیں۔مقابلہ میں شرکت کے خواہشمند مرد اور خواتین سے کہا گیا ہے کہ اپنے رجسٹریشن فارم ہر لحاظ سے مکمل کر کے رابطہ نمبر 03115568808 یا 03164976911 پر بلا تاخیر واٹس ایپ پر کریں۔

پنجاب آرٹس کونسل سے یہ بھی بتایا گیا کہ ضلعی سطح پر مقابلہ مصوری میں شرکت کرنے والے اُمیدواروں کو کم عمری کی شادی، چھوٹا خاندان خوشحال پاکستان، پاکستان میں غربت، پنجاب کی تہذیب و ثقافت اور پاکستان کی قدرتی خوبصورتی میں سے کسی ایک عنوان کا انتخاب کرنا ہوگا۔