فیصل آباد۔16فروری (اے پی پی):نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی ہدایت پر زرعی ٹاسک فورس پنجاب کا صوبہ بھر میں جعلی زرعی ادویات و غیرمعیاری کھادوں کی تیاری میں ملوث افراد کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے اور گزشتہ ماہ صوبہ بھر میں ایسے عناصر کے خلاف کاروائیوں کے دوران17 چھاپے مارے اور17 ایف آئی آرز کا اندراج عمل میں لایا گیا جبکہ لاکھوں روپے مالیت کی جعلی زرعی ادویات و غیر معیاری کھادوں کو ضبط کیاگیا ہے۔
نظامت زرعی اطلاعات محکمہ زراعت پنجاب کے ترجمان نے بتایا کہ جعلی زرعی مداخل فروخت کرنے والے مافیا کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا اور اس گھناؤنے کاروبار میں ملوث افراد کو قرار واقعی سزا دی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب جعلی زرعی ادویات کا کاروبار کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے اصول پر عمل پیرا ہے اور اس کاروبار کی بیخ کنی کیلئے تمام ممکنہ کاروائیاں عمل میں لائی جارہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں محکمہ زراعت ٹھوس شواہد کی بنا پر ملزمان کے خلاف ہر سطح پر اپنی کاروائی جاری رکھے ہوئے ہے اور جعلی زرعی ادویات کے دھندے میں ملوث افراد کوقانون کے حوالے کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام جعلی زرعی مداخل فروخت کرنے والے عناصر کے خلاف شکایات بذریعہ ایس ایم ایس و واٹس ایپ 0300-2955539 پرکر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایسے تمام عناصر کے خلاف اطلاع موصول ہونے کے24 گھنٹے کے اندر کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=351546