مظفرگڑھ۔ 13 ستمبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر سلمان خان لودھی نے کہا ہے کہ اب گاؤں چمکیں گے پروگرام حکومت پنجاب کا ایک احسن اقدام ہے جس کے تحت اب گاؤں میں بھی شہروں کی طر ز پر صفائی کے نظام کو ترتیب دیا گیا جہاں عملہ روزانہ کی بنیاد پر گاؤں کے گلی محلوں میں صفائی ستھرائی کو یقینی بناتا ہے،
یہ بات انہوں نے مظفرگڑھ کی یونین کونسل نمبر 39بھٹہ پور میں اب گاؤں چمکیں گے کے تحت صفائی کے نظام کا معائنہ کرتے ہوئے کہی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عمران شمس، اسسٹنٹ کمشنر مظفرگڑھ ناصر شہزاد ڈوگر اور ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ عبدالغفور بھی ان کے ہمراہ تھے۔
ڈپٹی کمشنر نے یونین کونسل نمبر 39بھٹہ پور کی گلی محلوں کا دورہ کیا اور صفائی کے معیار کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح صفائی مستقل بنیادوں پر جاری رکھی جائے اور صفائی کی عادت اپنانے کیلئے عوام میں شعور و آگاہی پیدا کی جائے اس کیلئے علاقہ کے معززین سے رابطہ رکھا جائے۔