حکومت پنجاب کا گندم کے پیداواری مقابلہ کے لئے کروڑوں روپے کے نقد انعامات کا اعلان

181
Wheat

فیصل آباد۔ 26 دسمبر (اے پی پی):حکومت پنجاب نے گندم کے پیداواری مقابلہ کے لئے کروڑوں روپے کے نقد انعامات کا اعلان کر دیا۔

ڈویژنل ڈائریکٹرمحکمہ زراعت توسیع فیصل آباد چوہدری عبدالحمید نے بتایا کہ محکمہ زراعت (توسیع)کے زیر اہتمام گندم کی پیداوار بڑھانے کے منصوبہ کے تحت کاشتکاروں میں زیادہ پیداوار کے حصول کے فروغ اور مثبت مقابلہ کو پروان چڑھانے کے لئے مذکورہ پیداواری مقابلہ کا انعقاد کرایا جارہا ہے لہٰذا جن کاشتکاروں نے گندم کی فصل5یا5 ایکڑسے زائد رقبے پر کاشت کر رکھی ہے وہ مقابلہ میں حصہ لے سکتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ضلعی سطح پر مقابلہ جیتنے والے پہلے امیدوار کو 3 لاکھ روپے، دوم کو2 لاکھ اور سوم کو ایک لاکھ روپے کے نقد انعامات دیئے جائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ درخواست فارم محکمہ زراعت توسیع کے مقامی دفاتر سے مفت حاصل اور 31 جنوری 2024 تک جمع کرائے جاسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گندم ہمارے غذائی تحفظ کی علامت ہے اور بڑھتی ہوئی آبادی کے تناظر میں اس کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کو چاہیے کہ جڑی بوٹیوں اور بیماریوں کا تدارک محکمانہ سفارشات کے مطابق کریں، گندم کی فصل میں نائٹروجن، فاسفورس اور پوٹاش کے علاوہ زنک اور بوران کا استعمال بھی کریں۔