فیصل آباد۔22اگست (اے پی پی):حکومت پنجاب نے فصلات کی پیداواربڑھانے کے منصوبہ کے تحت مشینی کاشت کے فروغ کیلئے5 لاکھ روپے تک60 فیصد سبسڈی پر زرعی مشینری و آلات فراہم کرنے کا اعلان کیاہے اوراس ضمن میں خواہشمند کاشتکاروں سے21 ستمبر تک درخواستیں بھی طلب کرلی ہیں۔
محکمہ زراعت توسیع فیصل آباد کے ڈویژنل ڈائریکٹرچوہدری عبدالحمید نے بتایا کہ حکومت پنجاب نے ایگریکلچر ٹرانسفارمیشن پلان کے تحت مشینی کاشت کے فروغ کیلئے فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ سمیت صوبہ بھر کے تمام اضلاع میں کاشتکاروں کو زرعی مشینری کی فراہمی کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت خواہشمند کاشتکاروں کو 60 فیصدکے تناسب سے 5 لاکھ روپے تک سبسڈی فراہم کی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ کاشتکار کے پاس کم از کم 50 ہارس پاور کا ٹریکٹر اور نہری علاقوں میں 25 ایکڑ جبکہ بارانی علاقوں میں 50 ایکڑ تک زرعی اراضی ہونی چاہیے۔ انہوں نے بتایا کہ کاشتکار زرعی مشینری کی تفصیل اور فارم محکمہ زراعت کی ویب سائٹ field.agripunjab.gov.pk سے ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اس سلسلہ میں متعلقہ ضلع کے اسسٹنٹ ایگریکلچرل انجینئر (فیلڈ)کے دفتر سے بھی رابطہ کرکے فارم و تفصیلات حاصل کی جاسکتی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ہر طرح سے مکمل درخواست فارم 21 ستمبر2022 تک متعلقہ دفتر میں جمع کروائے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس ضمن میں مزید معلومات و رہنمائی کیلئے صبح8 سے شام 5 بجے تک محکمہ کی فری ہیلپ لائن 080017000 پر بھی رابطہ کیا جاسکتا ہے
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=323233