حکومت پنجاب کی ہدایت پر ساہیوال ڈویژن میں بھی ہفتہ صحت جاری

162
حکومت پنجاب کی ہدایت پر ساہیوال ڈویژن میں بھی ہفتہ صحت جاری

ساہیوال۔ 24 اکتوبر (اے پی پی):حکومت پنجاب کی ہدایت پر ساہیوال ڈویژن میں بھی ہفتہ صحت منایا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے ساہیوال میں بنیادی مرکز صحت 89/6R کا دورہ کیا۔ڈپٹی کمشنر اکرام الحق، پنجاب ہیلتھ فسلیٹیز مینجمنٹ کمپنی کے ڈسٹرکٹ مینیجر رافع دستگیر، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز ساہیوال ڈاکٹر محمد الیاس انجم، ڈسٹرکٹ کوارڈینیٹر آئی آرایم این سی ایچ ڈاکٹر طاہر چوہدری بھی اس موقع پر موجود تھے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کمشنر شعیب اقبال سید نے کہا کہ ہفتہ صحت کے دوران ڈویژن بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کے فری ٹیسٹ کرنے کیلئے کیمپس قائم کئے جائیں گے۔ انہوں نے بنیادی مرکز صحت 89/6R میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ ہفتہ صحت کے دوران زیادہ سے زیادہ مریضوں کی سکریننگ کی جائے اور علاج معالجے کے لئے مریضوں کو ریکارڈ مرتب کیا جائے۔ انہوں نے مختلف کاونٹرز پر دستیاب طبی سہولیات کا جائزہ لیا اور سکریننگ کے لئے آنے والے مریضوں کی عیادت کی۔

پنجاب ہیلتھ فسلیٹیز مینجمنٹ کمپنی کے ڈسٹرکٹ مینجر رافع دستگیرنے مریضوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات کی فراہمی کے لئے ہفتہ صحت کے انعقاد کو حکومت پنجاب کا شاندار اقدام قرار دیا اور بتایا کہ ہفتہ صحت کے موقع پر آنے والے مریضوں کی رجسٹریشن، بیماریوں کی تشخیص کے لئے سکریننگ، بنیادی معائنہ، حاملہ خواتین اور دو سال سے کم عمر بچوں کی ویکسی نیشن، ٹی بی سکریننگ اور مریضوں کی کونسلنگ و رہنمائی کی جا رہی ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ تمام کیمپس میں ادویات کی وافر مقدار اور صفائی کے بہترین انتظامات یقینی بنائے جا رہے ہیں تاکہ آنے والے مریضوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔قبل ازیں کمشنر شعیب اقبال سید نے ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال کے دورے کے دوران ہسپتال کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا۔ ایم ایس ڈاکٹر اختر محبوب بھی ان کے ہمراہ تھے۔

انہوں نے زیرعلاج مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ اور مشینری کے فعال ہونے، ڈاکٹرز کی ڈیوٹی پر موجودگی کو چیک کیا۔ انہوں نے واش رومز میں صفائی کا معیار چیک کیا اور صفائی مزید بہتر بنانے کی تاکید کی۔ انہوں نے کہا کہ سروس ڈیلیوری بہتر بنانے کے لئے ہسپتالوں کی مسلسل مانیٹرنگ جاری رکھی جائے گی۔