لاہور۔11نومبر (اے پی پی):سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ گزشتہ 8 ماہ سے حکومت پنجاب کے تمام ادارے سموگ کے خاتمے کے لئے دن رات کام کررہے ہیں۔ا پنے ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب سیکریٹری ٹرانسپورٹ کے ہمراہ کل عدالت میں پیش ہوکر حکومتی اقدامات سے عدالت کو آگاہ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی مریم نواز پنجاب کی پہلی وزیراعلی ٰہیں جنہوں نے گزشتہ آٹھ ماہ میں سموگ میں کمی اور ماحول کی بہتری کے لئے تاریخ کی پہلی جامع پالیسی دی۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلی ٰکی پہلی حکومت ہے جس نے 10 ارب سموگ اور 100 ارب ماحولیاتی بہتری کیلئے مختص کئے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ نے دس سال کا پالیسی وژن دیا ہے تاکہ پنجاب کے عوام کو سموگ کی زہرناکی سے نجات ملے۔انہوں نے کہا کہ یہ پہلی حکومت ہے جس نے پنجاب میں موٹر سائیکل سمیت چھوٹی اور بڑی گاڑیوں کے فٹنس سرٹیفیکیٹس کا جدید ڈیجیٹل سسٹم شروع کیا۔انہوں نے کہا کہ یہ پہلی حکومت ہے جس نے ڈرون ، سیف سٹی کیمروں اور جدید ٹیکنالوجی سے ائیر مانیٹر کے نظام کا استعمال شروع کیا۔
انہوں نے کہا کہ موجود حکومت نے آسان اقساط اور رعایتی قیمت پر پنجاب کے کسانوں کو ایک ہزار سوپرسیڈرز جیسی جدید مشینری دی تاکہ فصلوں کی باقیات جلانے کا خاتمہ ہو۔انہوں نے بتایا کہ پنجاب حکومت صوبے کے پانچ ہزار کسانوں کو سوپر سیڈرز دے گی۔انہوں نے بتایا کہ پنجاب بھر میں بھٹو ں کو زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل کیا،آلودگی پھیلانے والے 600 سے زائد بھٹے گرادئیے گئے، یہ سلسلہ جاری ہے۔