حکومت پیشہ وارانہ تعلیم پر خصوصی توجہ دے رہی ہے، وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین

329
Rana Tanveer Hussain

اسلام آباد۔28جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ حکومت پیشہ وارانہ تعلیم پر خصوصی توجہ دے رہی ہے، انڈسٹری اور جامعات مل کر تحقیق و تعاون کے ذریعے ملکی مسائل کا حل نکالیں۔وہ جمعرات کو بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کی داخلہ ایکسپو سے خطاب کر رہے تھے۔

وزیر تعلیم نے جامعہ کے نیو کیمپس میں ایکٹیویٹی سنٹر کے مقام پر ”زندگی بھر سیکھنے کے مواقع” کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فنی تعلیم اور تکنیکی تجربہ رکھنے والے افراد کی پوری دنیا میں مانگ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پیشہ وارانہ تعلیم پر خصوصی توجہ دے رہی ہے، اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یونیورسٹیاں پیشہ وارانہ تعلیم کے پروگرام شروع کریں۔

رانا تنویر حسین نے کہا کہ دورہ سعودی عرب کے دوران باہمی تعلیمی تعاون کے فروغ پر گفتگو ہوئی جبکہ بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اور سعودی عرب کی امام محمد ابن سعود یونیورسٹی کے درمیان جاری تعاون پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے حکام نے پاکستانی طلبہ کے لئے سکالرشپس فراہم کرنے کے سلسلے میں تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ امن و برداشت اور اعلیٰ تعلیم کے فروغ میں اسلامی یونیورسٹی کا کردار قابل ستائش ہے۔رانا تنویر حسین نے کہا کہ اسلامی یونیورسٹی کی ترقی دیکھ کر خوشی ہوئی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہو ے مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ اساتذہ کے ادب میں ہی کامیابی ہے۔انہوں نے کہا کہ طلبا و طالبات مسقبل کے معمار ہیں۔مولانا عبدالغفور حیدری نے ایونٹ کے کامیاب انعقاد پرانتظامیہ کو مبارکباد دی۔ان کا کہنا تھا کہ اسلام کی ترویج میں بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کا کردار مثالی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام کے پیغام امن کو عام کرنے میں جامعات کا کردار کلیدی ہے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ریکٹر بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی ڈاکٹر معصوم یاسین زئی نے کہا کہ یہ ایکسپو اپنے مستقبل کے معماروں کو اس مادر علمی میں علم کے حصول کے لیے دعوت عام کے مترادف ہے جہاں طباء و طالبات اور والدین کو جامعہ کے وژن اور اس کی خدمات بارے جاننے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے جامعہ کی حالیہ کامیابیوں اور امن کی ترویج میں کردار پر بھی روشنی ڈالی۔

اس موقع پر صدر جامعہ ڈاکٹر ھذال حمود العتیبی نے منتظمین کی کاوشوں کو سراہا اور فیکلٹی کے سٹال پر ریکٹر اور مہمانان خصوصی کے ہمراہ دورہ کیا۔انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کو اعلیٰ اور معیاری تعلیم کے اداروں میں سر فہرست لانا ہمارا خواب ہے اور ایسے تمام ایونٹس اس سفر کا حصہ ہیں۔

اس موقع پر معروف قانون دان شعیب شاہین اور اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے صدر سمیت جامعہ کے نائب صدور فیکلٹی ممبران اور طلبا و طالبات کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔اس موقع پر ڈگری پروگراموں کی تفصیلات اور تمام 10 فیکلٹیوں میں درخواست دینے کے طریقہ کار سمیت کیریئر کونسلنگ و رہنمائی کے علاوہ، ایکسپو میں آنے والے والدین اور امیدواروں کو فیکلٹی ممبران سے ملنے کا موقع بھی فراہم کیا گیا اور ساتھ ہی انہیں پورے کیمپس کا دورہ بھی کرایا گیا۔

ایکسپو میں جامعہ کی تمام 10 فیکلٹیز نے یونیورسٹی کے تقریباً 50 شعبہ جات میں 100 سے زائد ڈگری پروگراموں کی تفصیلات فراہم کرنے کے لیے اسٹالز لگا رکھے تھے۔ فیکلٹی ممبران اور ایڈمیشن کا عملہ اس موقع پر مضامین کی عصری اہمیت، دائرہ کار، ڈگری کے دوران دستیاب سہولیات، نصاب، داخلے کے لئے اہلیت اور کیرئیر کونسلنگ سے متعلق سوالات پر رہنمائی میں مصروف رہا۔ ایکسپو میں آنے والے والدین اور امیدواروں کی سہولت کے لئے جامعہ کے انٹری گیٹ سے ایکسپو کے مقام تک شٹل سروس بھی چلائی گئی تھی۔