حکومت پی آئی اے کی عظمت رفتہ کی بحالی اورقومی پرچم بردار ائیرلائنز کومنافع بخش بنانے کیلئے اقدامات کررہی ہے، وفاقی وزیر خزانہ

87
حکومت پی آئی اے کی عظمت رفتہ کی بحالی اورقومی پرچم بردار ائیرلائنز کومنافع بخش بنانے کیلئے اقدامات کررہی ہے، وفاقی وزیر خزانہ

اسلام آباد۔1فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ ومحصولات شوکت ترین نے کہاہے کہ حکومت پی آئی اے کی عظمت رفتہ کی بحالی اورقومی پرچم بردار ائیرلائنز کومنافع بخش بنانے کیلئے اقدامات کررہی ہے۔انہوں نے یہ بات منگل کویہاں پی آئی اے کے کارپوریٹ بزنس پلان 2022-26 کے حوالہ سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان، سیکرٹری ایوی ایشن، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن، پی آئی اے کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے ممبران، سی ای او پی آئی اے اور سینئر افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔

اجلاس میں آئی اے ٹی اے کے غیر ملکی کنسلٹنٹ کی طرف سے پی آئی اے کے کارپوریٹ بزنس پلان برائے 2022-26 پر تفصیلی پریزنٹیشن دی گئی جس میں پی آئی اے کی موجودہ صورتحال، مارکیٹ کی حرکیات اور کارپوریٹ حکمت عملی کا احاطہ کیا گیا۔

نیٹ ورک کی حکمت عملی کے ساتھ پانچ سالہ ریکوری روڈ میپ پر بھی روشنی ڈالی گئی تاکہ پی آئی اے کو ایک قابل عمل اور منافع بخش ادارہ بنایا جا سکے جو ادارے کو درپیش اندرونی اور بیرونی چیلنجوں اورمقامی مارکیٹ،وبیرون ملک پاکستانی کمیونٹی کو مدنظر رکھتے ہوئے کارکردگی اور منافع میں اضافہ پر توجہ مرکوز کی جاسکے۔

وزیرخزانہ نےکنسلٹنٹ کی محنت کو سراہتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ پی آئی اے قومی پرچم بردار ائیرلائن ہے اور اسے عالمی معیار کی ایئر لائن بننے کی ضرورت ہے۔ موجودہ حکومت پی آئی اے کی ماضی کی شان کو بحال کرنے اور اسے منافع بخش ادارہ بنانے پر یقین رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی تارکین وطن، صارفین کوخدمات کی فراہمی میں بہتری پر توجہ مرکوز کی جائے اور پی آئی اے کو ایک پھلتا پھولتا ادارہ بنانے کے لئے کاروباری منصوبے میں براہ راست پروازوں کے امکانات پر غور کیا جائے جو پاکستان کی اقتصادی ترقی میں کردار ادا کرنے کے ساتھ ساتھ اندرون و بیرون ملک ہماری کمیونٹیز کی خدمت کر سکے۔