اسلام آباد۔27جولائی (اے پی پی):وزیر مملکت برائے مذہبی امور کھیئل داس کوہستانی نے پی ٹی آئی کی جانب سے مسلم لیگ (ن) کی قیادت کے خلاف غیر منصفانہ اقدامات پر تنقید کرتے ہوئے زور دیا کہ اگر پارٹی اراکین بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرنا چاہیں تو مسلم لیگ (ن)آئین کے تحت کسی بھی جائز پیش رفت کی راہ میں رکاوٹ نہیں بنے گی۔اتوار کو اپنے ایک انٹرویو میں انہوں نے پی ٹی آئی کارکنوں کے حوالے سے وزیر اطلاعات کے تبصروں کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اب کسی وضاحت کی ضرورت نہیں ہے۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ مسلم لیگ ن ایک جمہوری حکومت کے طور پر قانون اور آئین کی پاسداری اور حقوق پر یقین رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم قانون اور آئین کی بالادستی پر یقین رکھتے ہیں۔کھیئل داس کوہستانی نے اس بات پر زور دیا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت پی ٹی آئی کے کارکنوں سمیت کسی کو بھی سیاسی سرگرمیوں میں شامل ہونے یا اس میں حصہ لینے سے روکنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتی، جب تک کہ یہ آئین کے طے کردہ قانونی دائرہ کار اور حدود میں رہ کر کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ یہ پی ٹی آئی کارکنوں کا حق ہے کہ پارٹی میں شامل ہوں تاہم انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ وہ ایسا قدم اٹھانے سے پہلے قانون کے مطابق کسی بھی غیر ملکی شہریت کو چھوڑ دیں۔ کوہستانی نے پی ٹی آئی کے دور اقتدار میں سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کے ساتھ ہونے والے ناروا سلوک کی طرف بھی اشارہ کیا اور کہا کہ تین بار وزیر اعظم منتخب ہونے کے باوجود نواز شریف کے ساتھ غیر منصفانہ اور معاندانہ سلوک روا رکھا گیا۔ انہوں نے جمہوری طور پر منتخب رہنما کو کمزور کرنے پر پی ٹی آئی کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ یہ اقدام جمہوری اقدار اور سیاسی پختگی کے احترام کی کمی کو ظاہر کرتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کا سلوک نہ صرف نامناسب ہے بلکہ سیاسی ماحول کے لیے بھی نقصان دہ ہے کیونکہ اس سے ایک خطرناک مثال قائم کی گئی ہے ۔کھیئل داس کوہستانی نے زور دے کر کہا کہ اس کے برعکس مسلم لیگ (ن) ہمیشہ جمہوری اصولوں کو برقرار رکھے گی اور سیاسی مخالفین کا احترام کرے گی چاہے ان کا تعلق کسی بھی جماعت سے ہو۔
وزیر مملکت نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت قوم اور اس کی فلاح و بہبود کے لیے کام کر رہی ہے اور پارٹی کی انتقام کی کوئی پالیسی نہیں ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مسلم لیگ ن کی توجہ ترقی، استحکام اور قانون کی حکمرانی پر ہے اور سیاسی سکور پر نہیں،پارٹی قومی مفادات کو ذاتی یا سیاسی انتقام سے بالاتر رکھتے ہوئے عوام کی خدمت کے لیے پرعزم ہے۔