حکومت چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینٹ کا الیکشن اپنے اتحادیوں اور آزاد اراکین کی حمایت سے جیتے گی ، وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز کی پارٹی کورکمیٹی اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ

90
حکومت چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینٹ کا الیکشن اپنے اتحادیوں اور آزاد اراکین کی حمایت سے جیتے گی ، وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز کی پارٹی کورکمیٹی اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ
حکومت چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینٹ کا الیکشن اپنے اتحادیوں اور آزاد اراکین کی حمایت سے جیتے گی ، وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز کی پارٹی کورکمیٹی اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ

اسلام آباد۔11مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ کل جمعہ کو چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا الیکشن حکومت اپنے اتحادیوں اور آزاد اراکین کی بھر پور حمایت سے جیتے گی ، پی ڈی ایم جس طرح پہلے مرحلے میں ناکامیوں اور مایوسیوں سے دوچار ہوئی اسی طرح دوبارہ صفر سے شروع ہونے والی تحریک بھی ناکام رہے گی، اگر پی ڈی ایم لانگ مارچ قانون کے دائرے میں ہوا تو اسے نہیں روکیں گے ،22کروڑ عوام نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ کرپشن کو تحفظ نہیں بلکہ کرپشن کو روکنے کے لئے سڑکوں پر آتے ہیں، مریم نواز کے بیان سے ثابت ہوچکا ہے وہ کل جمعہ کو ہونے والے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینٹ کے الیکشن ہار چکی ہیں ، وزیراعظم عمران خان نے کورکمیٹی اجلاس میں پارٹی کو دوبارہ فعال اور منظم کرنے کی ہدایات دیدی ہیں ،حکومت کی کارکردگی کو بہتر انداز سے اجاگر کیا جائے گا ۔ وہ جمعرات کو وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ۔

انھوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پی ٹی آئی کور کمیٹی کے اجلاس میں مختلف امور اور تجاویز پر غور کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے پارٹی کے عہدیداران کو ہدایات دیں کہ پارٹی کو نچلی سطح تک فعال اور منظم کرنے کے لئے فوری اقدامات اٹھائے جائیں اور پارٹی کے کارکنان سے یومیہ کی بنیاد پر ملاقاتیں کی جائیں، اس حوالے سے پارٹی کے عہدیداران کو مختلف ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی کی کورکمیٹی کے اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ حکومت اور صوبے ڈویلپمنٹ اور معیشت کے شعبے میں ترقی ،ادارہ جاتی اصلاحات، وزارتوں کی کارکردگی سے قوم کو آگاہ کریں اس حوالے سے باقاعدہ حکمت عملی کے ذریعے آگے بڑھیں گے ۔ ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ ہم آج کے الیکشن کے لئے بالکل تیار ، اتحادی جماعتوں اور آزاد اراکین کے ساتھ ملکر چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینٹ کا الیکشن جیتیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت سینٹ کے 99اراکین ہیں جن میں سے 47ممبران پاکستان تحریک انصاف اور اتحادی جماعتوں کے ہیں دوسری جانب اپوزیشن کے 52اراکین ہیں اسکے علاوہ 8سے 9اراکین سینٹ آزاد ہیں جنھیں اپوزیشن اپنے کھاتے میں شمار کرتی ہے حالانکہ ایسا نہیں ہے ،پی ٹی آئی کے نامزد چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین نے تو اپوزیشن کے پاس جاکر اپنے لئے ووٹ مانگ کر نئی جمہوری روایات کی بنیاد رکھی ہے

۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کے لانگ مارچ ،استعفوں اور دھرنوں کے حوالے سے حکومت کی پرانی حکمت عملی ہی ہوگی جس کا بنیادی مقصد اپوزیشن کو بے نقاب کرنا ہے ، پہلے مرحلے میں بھی پی ڈی ایم نے ایسے ہی اعلانات کیے تھے لیکن انھیں ہر محاذ پر ناکامی، مایوسی اور رسوائی کے سوا کچھ نہیں ملا ، اس دفعہ بھی اگر اپوزیشن کا لانگ مارچ قانونی دائرے کے اندر ہوا تو اس کو نہیں روکیں گے اور نہ ہی کوئی رکاوٹ ڈالیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کی سیاست ذاتی مفادات کی سیاست ہے انھیں اس دفعہ بھی ہزیمت اٹھانی پڑے گی کیونکہ پاکستان کے عوام کرپشن کی حمایت میں نہیں بلکہ کرپشن کے خلاف باہر نکلتے ہیں اس کا ثبوت عمران خان کی کامیاب تحریک ہے ۔ انہوں نے کہاکہ مریم نواز کی باتوں سے تو ثابت ہوچکا ہے کہ وہ سینٹ کے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کا الیکشن ہار چکے ہیں ، مریم نواز نے ذہنی طور پر شکست تسلیم کر لی ہے ۔