اسلام آباد ۔ 31 مارچ (اے پی پی) آڈیٹرجنرل آف پاکستان(اے جی پی)جاوید جہانگیر نے کہا ہے کہ حکومت چین، پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ(سی پیک)کے آڈٹ کیلئے نیا ڈائریکٹوریٹ جنرل قائم کرنے کی منصوبہ بندی کررہی ہے جو جلد ہی قائم کردیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے پاکستان آڈٹ اینڈ اکائونٹس سروس کے پبلک اکائونٹس کے افسران کے45 ویں خصوصی تربیتی پروگرام کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے شراکت داروں کی توقعات پر پورا اترنے کیلئے جدید مہارتوں اور تربیت کی ضرورت پر زور دیا۔ اے جی پی نے کہا کہ پاکستان آڈٹ ڈیپارٹمنٹ میں جامع اصلاحات متعارف کرائی جارہی ہیں جو حکومت کے بدلتے ہوئے ڈھانچے سے مسابقت رکھتی ہیں ، سوشل سیفٹی نیٹ آڈٹ،انفارمیشن سسٹم آڈٹ اور انوائرنیٹل آڈٹ کے نئے ڈائریکٹوریٹ جنرل دستیاب وسائل سے قائم کئے جارہے ہیں۔انہوں نے خصوصی طور پر کہا کہ پاکستان آڈٹ کے کردار میں اضافہ کیا جارہا ہے ، وفاقی و صوبائی حکومتیں اور محکمے مختلف منصوبوں کے خصوصی آڈٹ کیلئے ان کی درخواستیں بھیج رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اعلیٰ حکام کی توقعات پر پورا اترنے کیلئے خصوصی شعبہ جات قائم کئے جارہے ہیں۔اے جی پی نے کورس پاس کرنے والے شرکاء سے کہا کہ بطور نوجوان آفیسرز وہ پاکستان کا سرمایہ ہیں ، مالی شفافیت اور احتساب کیلئے اپنا کردار اد ا کرکے ملک کو گڈ گورننس کی جانب لے جانے میں مدد دے سکتے ہیں۔ اس لئے انہوں نے جدید ٹیکنالوجی اور مہارتوں کے ذریعے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے خود کو تیار کرنا ہوگا۔