حکومت کاروباری برادری کو کاروبار کرنے میں آسانی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سہولتیں فراہم کرنے میں پرعزم ہے، وزیرخزانہ سینیٹرمحمداسحاق ڈارکی نیسلے پاکستان کے وفد سے ملاقات میں گفتگو

127

اسلام آباد۔15جون (اے پی پی):وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات سینیٹرمحمداسحاق ڈارنے کہاہے کہ مشکل اقتصادی حالات کے باوجود حکومت کاروباری برادری کو کاروبار کرنے میں آسانی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سہولتیں فراہم کرنے میں پرعزم ہے۔ انہوں نے یہ بات جمعرات کویہاں نیسلے پاکستان کے سی ای او جیسن ایون سینا سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ، معاون خصوصی طارق محمود پاشا اور وزارت خزانہ اور نیسلے ٹیم کے سینئر افسران بھی اجلاس میں موجودتھے۔ جیسن ایون سینا نے ڈیری اور دودھ کی صنعت کو معاونت فراہم کرنے پر وزیر خزانہ کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان کی اقتصادی ترقی میں کمپنی کے کردار سے آگاہ کیا۔

انہوں نے وزیر خزانہ کو خاص طور پر بچوں کے لیے معیاری اشیائے خوردونوش کی فراہمی میں کمپنی کے کردار کے بارے میں بھی بتایا۔ انہوں نے وزیرخزانہ کو کمپنی کو درپیش مسائل سے بھی آگاہ کیا اور ان مسائل کے حل کیلئے حکومت سے تعاون طلب کی۔ وزیر خزانہ نے نیسلے پاکستان کے وفد کا خیر مقدم کیا اورانہیں ملک کی اقتصادی صورتحال سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ مشکل معاشی حالات کے باوجود حکومت کاروباری برادری کو کاروبار کرنے میں آسانی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سہولتیں فراہم کرنے میں پرعزم ہے۔

وزیر خزانہ نے آبادی کو معیاری خوراک کی فراہمی پر نیسلے پاکستان کی تعریف کی اور اپنی مصنوعات کی برآمدات بڑھانے پر زور دیا۔ انہوں نے وفد کو ان کے مسائل کے حل کے لیے تعاون اور سہولیات فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ۔ جیسن ایون سینا نے تعاون اور مدد فراہم کرنے پر وزیر خزانہ کا شکریہ ادا کیا۔