14.9 C
Islamabad
جمعہ, فروری 28, 2025
ہومقومی خبریںحکومت کاروبار دوست ماحول کو فروغ دینے اور غیر ملکی سرمایہ کاری...

حکومت کاروبار دوست ماحول کو فروغ دینے اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے سازگار حالات و سہولیات فراہم کرنے میں پرعزم ہے، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی ہچیسن پورٹس کے وفد سے ملاقات میں گفتگو

- Advertisement -

اسلام آباد۔28فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکو مت کاروبار دوست ماحول کو فروغ دینے اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے سازگار حالات و سہولیات فراہم کرنے میں پرعزم ہے۔

انہوں نے یہ بات جمعہ کو یہاں ہچیسن پورٹس کے اعلیٰ سطح کے وفد سے ملاقات میں کہی۔ وفد کی قیادت ہچیسن پورٹس کے مشرق وسطیٰ اور افریقہ ڈویژن کے منیجنگ ڈائریکٹر اینڈی سوئے کر رہے تھے، جنوبی ایشیاء پاکستان ٹرمینل کے سی ای او چانگسو کم، کراچی انٹرنیشنل کنٹینر ٹرمینل کے سی ای او نوید قریشی، اور ہچیسن پورٹس پاکستان کے سربراہ برائے حکو متی امو تیمور خان آفریدی بھی اس موقع پرموجودتھے۔

- Advertisement -

وفد نے وزیر خزانہ کو ہچیسن پورٹس کی پاکستان میں 25 سالہ موجودگی کے حوالہ سے بریفنگ دی اور بتایا کہ کمپنی نے دو اہم ٹرمینلز، ایچ پی کے آئی سی ٹی اور ایچ پی ایس اے پی ٹی کامیابی سے چلائے ہیں۔ اس عرصے میں ہچیسن پورٹس نے قومی خزانے میں 225 ارب روپے سے زائد کا حصہ ڈالا اور تقریباً 5000 افراد کو روزگار فراہم کیاگیا۔

ہچیسن پورٹس کے نمائندوں نے اپنے آئندہ سرمایہ کاری منصوبے کی تفصیلات بھی پیش کیں جس کے تحت کمپنی پاکستان میں ایک ارب امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی۔ یہ سرمایہ کاری موجودہ ٹرمینلز کی جدیدیت، آپریشنل صلاحیت میں اضافے، لاجسٹکس رابطہ کاری اور آٹومیشن کے فروغ پر مرکو ز ہوگی۔

منصوبے میں بنیادی ڈھانچہ کی ترقی، کارگو کی موثر نقل و حرکت کے لیے سڑکو ں کی بہتری، ایچ پی کے آئی سی ٹی کی جدید خودکار ٹرمینل میں تبدیلی اور 52 ہیکٹر پر محیط لاجسٹکس پارک کی تعمیر شامل ہے تاکہ تجارتی روابط کو فروغ دیا جا سکے۔ آٹومیشن اپ گریڈز کے تحت ریموٹ کو ئے کرینز، خودکار آر ٹی جیز، الیکٹرک ٹرک اور ڈیجیٹل گیٹ آپریشنز متعارف کرائے جائیں گے۔ اس کے علاوہ، بندرگاہ آپریشنز، مینجمنٹ اور مصنوعی ذہانت کے شعبے میں تربیتی پروگرامز کا بھی آغاز کیا جائے گا۔

وفد نے توقع ظاہر کی کہ اس سرمایہ کاری سے اگلے 25 سالوں میں کم از کم 4 ارب امریکی ڈالر کی آمدنی پیدا ہوگی جو رائلٹی، کرایہ اور ٹیکس کی مد میں قومی خزانے کو حاصل ہوگی۔وزیر خزانہ نے ہچیسن پورٹس کے پاکستان میں سرمایہ کاری اور تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے عزم کو سراہا۔

انہوں نے یقین دلایا کہ حکو مت کاروبار دوست ماحول کو فروغ دینے اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے سازگار حالات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے معاشی ترقی اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری میں معاون سٹریٹجک سرمایہ کاری پرحکو مت کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=567358

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں