حکومت کاروبار کرنے میں آسانی اور سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے سازگار ماحول فراہم کر رہی ہے، وزیرخزانہ اسحاق ڈارکی نیسلے پاکستان کے وفد سے ملاقات میں گفتگو

114
حکومت کاروبار کرنے میں آسانی اور سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے سازگار ماحول فراہم کر رہی ہے، وزیرخزانہ اسحاق ڈارکی نیسلے پاکستان کے وفد سے ملاقات میں گفتگو

اسلام آباد۔20جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہاہے کہ حکومت ملک میں کاروبار کرنے میں آسانی اور سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے سازگار ماحول فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے یہ بات جمعہ کویہاں نیسلے پاکستانو افغانستان کے ایک وفد سے ملاقات میں کہی جس کی قیادت کمپنی کے چیف ایگزیکٹوآفیسر(سی ای او) سمیر چید کر رہے تھے۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خزانہ طارق باجوہ، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے ریونیو طارق محمود پاشا اور فنانس ڈویژن اور نیسلے ٹیم کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔سی ای او سمیر چید نے وزیر خزانہ کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان کی اقتصادی ترقی میں اپنی کمپنی کی کاروباری پروفائل اور شراکت کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے وزیر خزانہ کو خاص طور پر بچوں کے لیے معیاری اشیائے خوردونوش کی فراہمی میں کمپنی کے بارے میں بھی بتایا۔

انہوں نے وزیرخزانہ کو کمپنی کو درپیش کچھ مسائل سے بھی آگاہ کیا اور اس ضمن میں حکومت سے تعاون طلب کیا۔وزیر خزانہ نے نیسلے پاکستان اور افغانستان کے وفد کا خیر مقدم کیا اورانہیں ملک کی اقتصادی صورتحال کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ مشکل معاشی حالات کے باوجود حکومت معیشت کے مختلف شعبوں میں اصلاحات متعار ف کرا رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کاروبار کرنے میں آسانی اور سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے سازگار ماحول فراہم کر رہی ہے۔وزیر خزانہ نے آبادی کو معیاری خوراک کی فراہمی پر نیسلے پاکستان کی تعریف کی اور نیسلے پر اپنی مصنوعات کی برآمدات بڑھانے پر زور دیا۔

انہوں نے وفد کو مسائل کو جلد از جلد حل کرنے کے لیے مزید تعاون اور سہولت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔نیسلے پاکستان و افغانستان کے سی ای او سمیر چید نے تعاون اور مدد فراہم کرنے پر وزیر خزانہ کا شکریہ ادا کیا۔