حکومت کازیتون کے پودوں ، مشینری ، آبپاشی کی تنصیب اور تیل کو محفوظ کرنے کے آلات کی فراہمی کے منصوبے کا اعلان

61
Ministry of National Food Security
Ministry of National Food Security

اسلام آباد۔5اکتوبر (اے پی پی):حکومت نے پاکستان میں زیتون کے فروغ کےلئے اہم قدم اٹھاتے ہوئے تجارتی بنیادوں پر زیتون کی کاشت اور ترقی کے دوسرے مرحلے میں کاشتکاروں کو زیتون کے پودوں ، مشینری ، آبپاشی کی تنصیب اور تیل کو محفوظ کرنے کے آلات کی فراہمی کے منصوبے کا اعلان کردیا ہے۔ وزارت قومی تحفط خوراک وتحقیق کے ذرائع کے مطابق اس پروگرام کے تحت کاشتکاروں کو زیتون کے اعلیٰ نسل کے پودوں پر 67 فیصد سبسڈی دی جائے گی۔

اس کے علاوہ زیتون کا تیل کشید کرنے کی مشین ، فروٹ پراسیسنگ یونٹ اور زیتون کے تیل کو محفوظ کرنے کے آلات پر 50 فیصد سبسڈی دی جائے گی جبکہ کاشتکاروں کو قطراتی نظام آبپاشی کی تنصیب پر 67 فیصد سبسڈی دی جائے گی۔ اس مرحلے کےلئے درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 15 دسمبر مقرر کی گئی ہے۔

اس پروگرام کا مقصد زیتون کی کاشت سے دیہی معیشت کا فروغ ، کاشتکاروں کےلئے زیادہ منافع ، زمینداروں کی عملی تربیت اور مفت تکنیکی مشاورت، بنجر اور ناقابل کاشت زمینوں کا استعمال، موسمیاتی تغیرات کا مقابلہ اور زیتون کے پھل سے تیل نکالنے کی سہولت فراہم کرنا ہے۔