اسلام آباد۔31اکتوبر (اے پی پی):حکومت نے آئندہ 15 دنوں کیلئے پٹرولیم مصنوعات کی موجودہ قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، سیلاب کی صورتحال کی وجہ سے حکومت نے انکم ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کی مدت میں مزید ایک ماہ کی توسیع بھی کر دی ہے۔ یہ بات وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے پیر کو یہاں اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہی۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ عمومی طور پر ہر ماہ کی 15 اور آخری تاریخ کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا اعلان کیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ آئندہ 15 دنوں کیلئے پٹرولیم مصنوعات جن میں پٹرول، لائٹ ڈیزل، ہائی سپیڈ ڈیزل اور کیروسین آئل شامل ہے، کی موجودہ قیمتیں برقرار رہیں گی۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ ملک میں حالیہ سیلاب کے بعد ٹیکس بار ایسوسی ایشن، بزنس کمیونٹی اور تاجر حضرات کے مطالبات اور نمائندگی کے نتیجہ میں حکومت نے انکم ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کی مدت میں مزید ایک ماہ کی توسیع کر دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس سے قبل بھی انکم ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کی مدت میں 31 اکتوبر تک کی توسیع کر دی گئی تھی، اب انکم ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کی آخری تاریخ 30 نومبر مقرر کی گئی ہے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ جو لیٹر آف کریڈٹس روکے گئے تھے اس کے نتیجہ میں 8 ہزار کیسز زیر التواء تھے حکومت نے اس سے قبل 50 ہزار ڈالر تک کے لیٹر آف کریڈٹس ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا تھا جس کے نتیجہ میں 4400 لیٹر آف کریڈٹس کلیئر ہو گئے تھے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ گورنر سٹیٹ بینک سے ان کی بات چیت ہوئی، آج بھی اس سلسلہ میں ہماری مشاورت ہوئی، وزیراعظم اور سٹیٹ بینک کی رضامندی سے حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ ایک لاکھ ڈالر تک کے لیٹر آف کریڈٹس کھولے جائیں گے جس کے نتیجہ میں 1365 مزید ایل سیز کلیئر ہو جائیں گے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ ان فیصلوں کے نتیجہ میں مجموعی طور پر 7565 ایل سیز کلیئر ہو جائیں گے۔ اس فیصلہ پر کل منگل سے عملدرآمد شروع ہو جائے گا۔ وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ ایک لاکھ سے زائد مالیت کے ایل سیز کلیئر کرنے کیلئے بھی اقدامات کئے جا رہے ہیں، حکومت کوشش کرے گی کہ زرمبادلہ کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=335286