فیصل آباد ۔ 12 نومبر (اے پی پی):حکومت کا عزم ہے امسال گندم در آمد نہیں بر آمد کرنی ہے لہٰذارواں سیزن میں گندم کی بمپر کراپ کےلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے تاکہ گندم کی بروقت مقررہ اہداف سے بھی زیادہ کاشت مکمل کرکے نہ صرف ملکی ضروریات کو پورا کیا جائے بلکہ اضافی گندم برآمد کرکے ملک کےلئے قیمتی زرمبادلہ بھی حاصل کیا جاسکے۔ یہ بات ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع فیصل آباد چوہدری خالد محمودنے ایک بیان میں کہی۔انہوں نے کہا کہ کاشتکار اور کسان حکو مت کی زرعی پالیسی اورمحکمہ زراعت کے ماہرین کی مشاورت سے گندم کی پیداواری ٹیکنالوجی پر عملدرآمد کر تے ہو ئے گندم کی بھر پور کاشت کریں تو نہ صرف فی ایکڑ پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ ہو گا بلکہ مطلوبہ اہداف کا حصول بھی ممکن ہو گا۔
وزیر اعلیٰ کے کسان دوست منصوبے ”گندم کی پیداوار میں اضافہ” کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ حکو مت پنجاب کسانوں کو زرعی ترقی کی مد میں اربوں روپے کی سبسڈی دے رہی ہے لہٰذا کسان اس سے استفادہ کر کے ملک کو زرعی شعبے میں خود کفیل بنائیں۔انہوں نے کہا کہ امسال حکومت کا عزم ہے کہ گندم در آمد نہیں بلکہ بر آمد کرنی ہے لیکن یہ اسی صورت ممکن ہے جب گندم کی فی ایکڑ پیداوار میں اضا فہ ہو جس کےلئے کھادوں کے متناسب استعمال، تصدیق شدہ بیجوں اورزمین و پا نی کے تجزیہ کو محکمہ زراعت کے ما ہر ین کی مشاورت سے یقینی بنایاجائے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے کسانوں کی معاونت کرتے ہوئے وسائل کا رخ ان کی دہلیز کی جانب موڑ دیا ہے۔ انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ فیصل آباد ڈویژن کے کاشتکار غذائی انقلاب کی اس جدوجہد میں پوری توانائیاں صرف کریں گے۔ انہوں نے زرعی جامعہ کے اساتذہ سے بھی اپیل کی کہ وہ طلبہ کی بھرپور رہنمائی کریں تاکہ آنے والے وقت میں تربیت یافتہ زرعی ماہرین دستیاب ہوسکیں۔انہوں نے کہا کہ امسال ہمیں نہ صرف گندم کے زیر کاشت رقبہ میں اضافہ یقینی بنانابلکہ فی ایکڑ پیداوار کو بھی نئی بلندیوں سے ہمکنار کرنا ہے۔ڈائریکٹر زراعت نے کہا کہ ان کے افسران اور فیلڈ سٹاف کسانوں کی رہنمائی کےلئے سرگرم عمل ہیں، انشااللہ امسال گندم کی ریکارڈ پیداوار حاصل ہوگی۔