لاہور۔29جنوری (اے پی پی):پاکستان تحریک انصاف کے رہنماجمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ حکومت کسانوں کو سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے، زراعت کے شعبہ کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے اور اس کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے عملی اقدامات کئے جارہے ہیں۔
ہفتہ کے روز ڈی جی پی آر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ حکومت کسانوں کو درپیش مسائل سے بخوبی آگاہ ہے، زراعت کا شعبہ اولین ترجیح ہے،حکومت کسانوں کو سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے، زراعت کے شعبہ کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے اور اس کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ اوسط کھاد 1 کروڑ 20 لاکھ بوری زیادہ استعمال ہوئی جس سے کسان بھائیوں کو دسمبر اور جنوری میں مشکلات پیش آئیں،امید ہے کہ فروری میں مشکلات نہیں ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ اسوقت کھاد وافر مقدار میں موجود ہے،اگلے سال کا ٹارگٹ 1 کروڑ40 لاکھ ہے فاسفورس کی بھی سبسڈی بڑھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بروقت حکومتی اقدامات سے تمام بڑی فصلوں کی ریکارڈ پیداوار ہوئی ہے،لاہور کی فلور ملوں میں4 لاکھ ٹن گندم موجود ہے جبکہ پنجاب میں 22ہزار ٹن گندم موجود ہے جس سے 7 کروڑ لوگوں کیلئے سستا آ ٹا میسر آئے گا-
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ایکس مل ریٹ 1075 روپے ہے،سرکاری ریٹ کے مطابق کوئی بھی 55 روپے کلو سے زائد نہیں بیچ سکتا دنیا کے مقابلے میں سب سے سستا آ ٹا صرف پاکستان میں ہے،عوام کو سستے آٹے کی فراہمی ہی ہمارا مشن ہے۔ جمشید اقبال نے کہا کہ یوریا پر 132ارب کی سبسڈی دی جارہی ہے،اگلے سال
143 ارب کی سبسڈی دینے کا ٹارگٹ ہے،پچھلے سال ریکارڈ 63 لاکھ ٹن کھاد پیدا ہوئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کارروائی کر رہی ہے،لیکن بحیثیت قوم ہم سب کو بھی ملکر ذخیرہ اندوزوں کی حوصلہ شکنی کرنا ہوگی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=292857