اسلام آباد۔19اپریل (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت کسانوں کی فی ایکڑ لاگت کم کرنے کیلئے ہر ممکن اقدام کر رہی ہے،ملک میں یوریا کی بروقت پیداوار اور اسکی کسانوں تک ترسیل یقینی بنائی جائے،یوریا سمگلنگ سے کسی کو کسانوں کے حق پر ڈاکہ ڈالنے نہیں دونگا، نیلم جہلم منصوبے کی بحالی پر کام کی رفتار مزید تیز کی جائے۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار بدھ کویہاں ملک میں یوریا کھاد کی پیداوار و کھپت اور موسم گرما میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، وفاقی وزراء طارق بشیر چیمہ، مخدوم سید مرتضی محمود، خرم دستگیر خان، وزیرمملکت ڈاکٹر مصدق ملک، مشیرِ وزیر اعظم احد خان چیمہ، معاونینِ خصوصی جہانزیب خان، طارق باجوہ اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔اجلاس کو ملک میں یوریا کھاد کی پیداوار اور کھپت کے اعداد و شمار کے ساتھ ساتھ یوریا صنعت کو گیس کی فراہمی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ ایک برس میں حکومت نے کسانوں کی خوشحالی اور شعبہ زراعت کی ترقی کو اپنی اولین ترجیح بنایا ہے،یوریا کھاد کی طلب و رسد کی کڑی نگرانی کی جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ یوریا کی پیداوار اور اسکی کھپت کو مد نظر رکھتے ہوئے صنعتوں کو گیس کی فراہمی اور بفر اسٹاکس کا ایک جامع لائحہ عمل پیش کیا جائے،ملک میں یوریا کی بروقت پیداوار اور اس کی کسانوں تک ترسیل یقینی بنائی جائے،یوریا سمگلنگ سے کسی کو کسانوں کے حق پر ڈاکہ ڈالنے نہیں دونگا۔
اجلاس کو موسم گرما میں بجلی کی پیداوار اور متوقع طلب کے حوالے سے بھی تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔ اسکے علاوہ اجلاس کو نیلم جہلم منصوبے کی بحالی کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ منصوبے کی بحالی کا کام مکمل کرکے رواں سال جولائی میں اس سے کم لاگت بجلی کی پیداوار دوبارہ شروع کر دی جائے گی۔وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ نیلم جہلم منصوبے کی بحالی پر کام کی رفتار مزید تیز کی جائے اورموسم گرما میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کم سے کم رکھی جائے