اسلام آباد۔19فروری (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے کہا ہے کہ حکومت کلین اینڈ گرین پاکستان کے فروغ کے لئے مقامی آبادیوں اور تعلیمی اداروں کے طلبا کو مہم میں شامل کرنے کے اقدامات اٹھا رہی ہے، وزیراعظم عمران خان کے متحرک ویزن کے تحت ہم نے ”ٹین بلین ٹری سونامی” کے اہداف کے حصول کے لئے ملک کے مختلف حصوں میں مہم کا آغاز کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو پاکستان ٹیلی ویزن کو دیئے گئے ایک انٹرویو کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان”پلانٹ فار پاکستان ڈے” پروگرام کی قیادت کررہے ہیں اور طلبا اس سلسلے میں فعال کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ محکمے ماحول دوست درختوں کا انتخاب کررہے ہیں تاکہ ”کلین اینڈ گرین پاکستان” کے لئے وزیراعظم کے وژن کو کامیاب بنایا جاسکے، صوبائی اور وفاقی حکومتیں پاکستان کے مستقبل کے لئے صحت مند ماحول پیدا کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی تنظیموں نے صاف ماحول کے لئے وزیر اعظم عمران خان کی کوششوں کو سراہا ہے۔