34.4 C
Islamabad
جمعرات, مئی 22, 2025
ہومقومی خبریںحکومت کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک کے اہداف کے حصول کے لئے پرعزم...

حکومت کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک کے اہداف کے حصول کے لئے پرعزم ہے،ماحولیاتی تحفظ اور پائیدار ترقی معاشی منصوبہ بندی کا مرکزی جزو ہے، وفاقی وزیرخزانہ کی عالمی بینک کے وفد سے ملاقات میں گفتگو

- Advertisement -

اسلام آباد۔22مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے عالمی بینک کے کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک کے اہداف کے حصول کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہاہے کہ ماحولیاتی تحفظ اور پائیدار ترقی معاشی منصوبہ بندی کا مرکزی جزو ہے، کنٹری پارٹنر شپ فریم ورک پر عملدرآمد کے لئے وزارت خزانہ، متعلقہ وزارتوں اوراداروں میں باہمی اشتراک کو مؤثر بنایا جا رہا ہے ۔ انہوں نے یہ بات جمعرات کویہاں عالمی بینک کے اعلیٰ سطح کے وفد سے ملاقات میں کہی۔

عالمی بینک کے وفد کی قیادت بینک کی منیجنگ ڈائریکٹر آپریشنز اینا بیئرڈے کر رہی تھیں۔ ملاقات کا مقصد دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانا، عالمی بینک کی مالی امداد کے منصوبوں کا جائزہ لینا، اور حال ہی میں ورلڈ بینک کے اشتراک سے شروع کئے گئے دس سالہ کنٹری پارٹنر شپ فریم ورک (سی پی ایف) پر عملدرآمد میں تیزی لانا تھا۔ بات چیت میں خاص طور پر سی پی ایف میں شامل ترجیحی شعبوں باالخصوص ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کی صلاحیت اور آبادی کے نظم و نسق جیسے اہم موضوعات پر بات ہوئی۔

- Advertisement -

فریقین نے پاکستان میں پائیدار ترقی اور طویل مدتی معاشی استحکام کے لئے سی پی ایف کی اہمیت اور کردار پر اتفاق کیا۔ اینا بیئرڈے نے مشکل لیکن ضروری معاشی اصلاحات کو پایہ تکمیل تک پہچانے کے لئے حکومتِ پاکستان کے مسلسل عزم کو سراہا، اور ماحولیاتی تحفظ اور پائیدار ترقی کے لئے حکومتی کوششوں کی تعریف کی۔وزیرخزانہ نے سی پی ایف کے اہداف کے حصول کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا اور ماحولیاتی تحفظ اور پائیدار ترقی کو معاشی منصوبہ بندی کا مرکزی جزو قرار دیا۔ انہوں نے سی پی ایف پر عملدرآمد کے لئے وزارت خزانہ اور دیگر تمام متعلقہ وزارتوں اور اداروں کے ساتھ باہمی اشتراک کو مؤثر بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔

وزیر خزانہ نے وزارتِ خزانہ، وزارتِ موسمیاتی تبدیلی اور دیگر متعلقہ اداروں کے اشتراک سے سی پی ایف پر موثر عملدرآمد کے لئے جامع فریم ورک کی تیاری اور سارے عمل کو مؤثر اور مربوط بنانے کے لئے عالمی بینک کی تکنیکی معاونت کی درخواست کی۔اینا بیئرڈے نے کنٹری پارٹنر شپ فریم ورک کے مقاصد کے حصول کے لئے پاکستان کو عالمی بینک کی مکمل حمایت کا یقین دلایا اورمعاشی اصلاحات کے ساتھ ساتھ ٹیکس نظام، توانائی، اور سماجی تحفظ کے شعبوں میں بینک کے تعاون اور حمایت کا اعادہ کیا۔

انہوں نے پاکستان کے انسانی وسائل کو مضبوط کرنے اور معیشت کو مستحکم بنانے کے لئے لڑکیوں کی تعلیم اور خواتین کو بااختیار بنانے کے اقدامات کی بھی حمایت کی۔ فریقین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ آنے والے مہینوں میں کنٹری پارٹنر شپ فریم ورک کے مؤثر نفاذ انداز اور پاکستان کی پائیدار ترقی کے لئے مضبوط شراکت داری پر مبنی قریبی تعاون جاری رکھیں گے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=600122

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں