اسلام آباد۔19دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ حکومت کو پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسوں، دھرنوں اور لانگ مارچ سے کوئی خطرہ نہیں ہے، حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی کیونکہ پی ڈی ایم کے پاس کوئی عوامی ایجنڈا نہیں ہے، یہ لوگ صرف اپنے بدعنوان قائدین کی لوٹی ہوئی غیرقانونی دولت کا تحفظ کرنے کیلئے منفی سیاست کر رہے ہیں۔ ہفتہ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کو پارلیمنٹ میں آ کر انتخابی عمل میں مزید شفافیت کو یقینی بنانے سمیت مختلف ایشوز پر قانونی سازی اور اصلاحات میں حکومت کا ساتھ دینا چاہیے۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ سینیٹ انتخابات کے نئے شیڈول کا اعلان کرنا الیکشن کمیشن آف پاکستان کا صوابدیدی اختیار ہے، حکومت الیکشن کمیشن آف پاکستان سے سینیٹ انتخابات قبل ازوقت کرانے کی درخواست کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم ارکان کو اپنے استعفے منظوری کیلئے اسپیکر قومی اسمبلی کے پاس جمع کرانے چاہییں۔