اسلام آباد۔20اکتوبر (اے پی پی):وزیر اعظم عمران خان نے غریب طبقہ کیلئے ٹارگٹڈ سبسڈی پروگرام کو جلد شروع کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کو عام آدمی پر مہنگائی کے اثرات کا احساس ہے، صحت کارڈ، کسان کارڈ اور احساس پروگرام کے دائرہ کار کو بڑھایا جا رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو اپنی زیر صدارت پی ٹی آئی کور کمیٹی کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی کہ غریب طبقے کے لئے ٹارگٹڈ سبسڈی کا بڑا پروگرام جلد شروع کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو غریب طبقہ پر مہنگائی کے اثرات کا احساس ہے اور اسی لئے حکومت صحت کارڈ، کسان کارڈ اور احساس پروگرام کے دائرہ کار کو بڑھا رہی ہے ۔
اجلاس میں سندھ میں آٹے کی بڑھتی ہوئی قیمت پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ قبل ازیں معاون خصوصی برائے تخفیف غربت ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے وزیراعظم عمران خان کو احساس ٹارگٹڈ سبسڈی پروگرام پر بریفنگ دی۔
اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین، وزیر خزانہ پنجاب مخدوم ہاشم جواں بخت، وزیر خزانہ خیبر پختونخوا تیمور سلیم جھگڑا، صدر نیشنل بینک عارف عثمانی، چیف سیکرٹری پنجاب اور خیبر پختونخوا اور سینئر افسران نے شرکت کی جبکہ وزیر خزانہ شوکت ترین ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔
وزیراعظم کو بتایا گیا کہ ٹارگٹڈ سبسڈی پروگرام وفاق اور صوبائی حکومتوں کی مشترکہ مالی معاونت سے شروع کیا جائے گا جس پر پنجاب اور خیبر پختونخوا نے پہلے سے دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ سندھ اور بلوچستان سے بات چیت کی جارہی ہے کے وہ بھی اس میں شامل ہوں۔
ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے وزیراعظم کو ٹا رگٹڈ سبسڈی پروگرام کی تیاریوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ پسماندہ طبقے کو مہنگائی سے بچانے کیلئے احساس ٹارگٹڈ سبسڈی پروگرام رواں سال جلد جاری ہوگا،پروگرام کیلئے احساس اور نیشنل بینک کے اشتراک سے موبائل پوائنٹ آف سیل نظام تیار ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ احساس کے اہل گھرانوں کو اس پروگرام کے ذریعے مخصوص اشیاء پر کریانہ سٹور سےخریداری پر رعایت ملےگی۔