حکومت کو عوام کے مسائل کا بخوبی ادراک ہے، مہنگائی میں کمی کےلئے دن رات اقدامات کئے جارہے ہیں، آئندہ 2 سالوں میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینا حکومت کی اولین ترجیح ہے ، وزیرمملکت فرخ حبیب کا پی ٹی آئی ورکرز کنونشن سے خطاب

117

فیصل آباد۔2اکتوبر (اے پی پی):وزیرمملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا کہ دنیا بھر میں کورونا کے باعث آنیوالی مہنگائی کی لہر سے عوام کیلئے پیدا ہونیوالے مسائل کاحکومت کو بخوبی ادراک ہے ، اس لئے مہنگائی میں کمی کیلئے دن رات اقدامات کئے جارہے ہیں ،

اور آنیوالے 2 سالوں میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینا حکومت کی اولین ترجیح ہے، نواز شریف اور زرداری قومی مجرم ہیں جنہوں نے اپنے اقتدار کے 30 سالوں میں کوئی نیا ڈیم نہ بنایا بلکہ الٹا مہنگی بجلی کے سودے کرکے عوام کو مستقل عذاب میں ڈال دیا،

ہم دیامر بھاشااور داسو ڈیم سمیت 10 ہزار میگا واٹ کے سستی بجلی کے منصوبوں پر عمل کررہے ہیں جس سے لوگوں کو ریلیف ملے گ۔ہفتہ کی رات فیصل آباد ماڈل سٹی میں پی ٹی آئی ورکرز کنونشن سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے نوجوان ورکرز ہمارا اثاثہ ہیں اور آج بہت بڑی تعداد میں نوجوانوں نے کنونشن میں شرکت کرکے ثابت کردیا ہے کہ وہ مایوسی پھیلانے والی اپوزیشن کے جھانسے میں آنے کی بجائے وزیراعظم عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جب3 سال قبل تحریک انصاف نے حکومت سنبھالی تو ملک بدترین معاشی بحران کا شکار تھاجبکہ ماضی کی حکومتوں میں نواز شریف اور زرداری کے اثاثے بڑھتے جارہے تھے لیکن دوسری جانب تمام سرکاری ادارے خسارے میں تھے کیونکہ ماضی میں ذاتی مفادات کی سیاست کی گئی اور ملکی خزانے کو دونوں ہاتھوں سے باپ کی جاگیر سمجھ کر لوٹاگیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ملکی مفاد کیلئے اقدامات کررہے ہیں جب وہ اقتدار میں آئے تو ٹیکسٹائل اور پاورلومز کی صنعت کو بحال کیاحالانکہ اس وقت انڈسٹری مکمل تباہ حالی کا شکار تھی اور صنعتیں بند ہونے سمیت لوگ لومیں کباڑ میں فروخت کررہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ حکومتی کاوشوں سے مختلف بینک کم آمدن والے افراد کو 60 ارب کے قرضے دے رہے ہیں تاکہ ان کا کاروبار چل سکے اسی طرح وزیراعظم غریب کو چھت دینے کی بات کرتے ہیں اور موجودہ حکومت کسانوں کو ریلیف دینے کیلئے بھی اقدامات کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے جس کے باعث رواں سال گندم،چاول، مکئی، کپاس اور گنے کی ریکارڈ پیداوار ہوئی اور کاشتکاروں کو گندم کے نرخ 1800 روپے من اور گنے کے نرخ 250 سے300 روپے من تک ملنے سمیت چاول، مکئی،کپاس کی قیمتیں بڑھنے سے کاشتکاروں کو مجموعی طور پر 1100 ارب روپے کا فائدہ پہنچا۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کی تمام آبادی کو مفت صحت سہولت کارڈ دینے کیلئے 60 ارب روپے مختص کئے جاچکے ہیں جس کے ذریعے پنجاب کی ساڑھے 12 کروڑ آبادی پر مشتمل تمام گھرانوں کو رواں سال دسمبر 2021 کے آخر تک صحت سہولت کارڈ فراہم کردیئے جائیں گے اور اس کارڈ کے ذریعے انہیں مرضی کے ہسپتال میں مرضی کے ڈاکٹر سے 10 لاکھ روپے تک کے علاج معالجہ کی سہولت حاصل ہوجائے گی نیزلوگوں کی آمدن میں اضافہ بھی حکومت کی اولین ترجیح ہے جس کیلئے بینکوں کو واضح احکامات جاری کردیئے گئے ہیں اور لوگوں کے وسائل میں اضافہ سمیت انہیں گھروں کی تعمیر اور اپنا گھر بنانے کیلئے قرضوں کی فراہمی جاری ہے اور 5 مرلے والوں کو 60 لاکھ جبکہ 10 مرلے والوں کو ایک کروڑ روپے تک کا قرضہ دیا جارہا ہے نیز اس سلسلہ میں اب تک 160 ارب روپے کے قرضوں کیلئے درخواستیں وصول ہوچکیں جن میں سے 60 ارب کے قرضے منظور اور20 ارب کے قرضے جاری بھی ہوچکے ہیں

۔فرخ حبیب نے کہا کہ عمران خان کی زندگی سیاسی جدوجہد سے بھری پڑی ہے پہلے لوگ کہتے تھے کہ وہ کبھی حکومت میں نہیں آسکتا مگر انہوں نے 2013 کے انتخابات سے ہمت نہیں ہاری اور2018 کے انتخابات میں پی ٹی آئی کو ایک کروڑ 70 لاکھ ووٹ ملے یہی وجہ ہے کہ آج وہ نہ صرف خود وزیراعظم ہیں بلکہ پنجاب، کے پی کے،

آزاد کشمیر، گلگت بلتستان میں ان کی اور بلوچستان میں ان کے اتحادیوں کی مخلوط حکومت ہے اور آئندہ سندھ میں بھی ان کی حکومت ہوگی۔انہوں نے شریف خاندان پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف کہتے ہیں کہ انہوں نے ایک دھیلے کی کرپشن نہیں کی اور گزشتہ دنوں برطانیہ میں ان کی اور سلمان شہبازکی بریت کا ایک ڈرامہ رچایا گیاکہ ہم سرخرو ہوگئے لیکن وہ بتائیں کہ انہوں نے بجلی کے جو مہنگے سودے کئے کہ ہم بجلی لیں یا نہ لیں 1500 ارب روپے سالانہ دینے ہی دینے ہیں یہ کرپشن نہیں تہ اور کیا ہے جب آپ کے پاس بجلی کا ٹرانسمشن سسٹم ہی نہیں تھا تو 18 ہزار میگاواٹ کی بجائے 24 ہزار میگا واٹ کا معاہدہ کیوں کیا گیا جس کا خمیازہ اب عوام بھگت رہے ہیں یہ سیدھی سادھی چوری ڈکیتی نہیں تو اور کیا ہے لیکن کمیشن پر کمیشن نے ان کی آنکھوں پر پٹی باندھ دی اور پیسہ اب عوام کی جیب سے نکل رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ آخرکار ان لوگوں کا ٹھکانہ جیل ہے۔

انہوں نے کہا کہ لوگوں میں مایوسیاں پھیلانے والے بہت ملیں گے لیکن عمران جیسا لیڈر نہیں ملے گا جنہوں نے ایک دن بھی چھٹی نہیں کی اور وہ امریکہ یا کہیں اور بھی گئے تو رشتہ داروں، دوستوں، درباریوں،باورچیوں، ملازموں کا لاؤ لشکر لیکر نہیں بلکہ کمرشل فلائٹس پر گئے اور انہوں نے کوئی کیمپ آفس نہیں بنایا نہ ہی بنی گالا کے گھر پر حکومت کا ایک روپیہ بھی خرچ کیا بلکہ پی ایم ہاؤس کا جو 3 سال میں 3 ارب کا بجٹ تھا اس میں بھی بچت کی تاکہ یہ پیسہ عوام کے کام آسکے۔

فرخ حبیب نے کہا کہ زرداری کے اومنی گروپ کی اقتدار میں آنے سے پہلے صرف ایک شوگر مل تھی مگر بعد میں 11 بن گئیں،ان کی بی ایم ڈبلیو گاڑیوں کے ٹائر باہر سے آتے، ان کے کتے اور مور باہر کی خوراک کھاتے اور اگر مور مرجاتے تو خمیازہ اوروں کو بھگتنا پڑتا،

انہوں نے عوام کے ٹیکسوں کے پیسے سے رمضان شوگر ملز کیلئے پل، سڑکیں اور نالے بنوائے،انہوں نے رمضان شوگر ملز کے 20،20 ہزار روپے تنخواہ لینے والے ملازمیں کے ناموں پر ٹی ٹیاں بنوائیں اور اربوں کی منی لانڈرنگ کی لیکن یہ سارا پیسہ عوام کا ہے جس کا انہیں حساب دینا اور ان کا ٹھکانہ جیل ہی ہوگا کیونکہ عمران خان انہیں این آر او نہیں دے گا۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت پاکستان کو فلاحی ریاست کی طرف لیکر جارہی ہے لیکن کورونا وبا کے دوران پوری دنیا کی معیشتوں پر منفی اثرات مرتب ہوئے مگروزیر اعظم کی سمارٹ لاک ڈاؤن پالیسی کو پوری دنیا میں سراہا گیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں زرعی اجناس کی پیداوار بڑھانے کیلئے خصوصی اقدامات کررہے ہیں۔فرخ حبیب نے کہا کہ ملکی آبادی میں اضافہ کے پیش نظر غذائی تحفظ پر کام ہورہا ہے اور لاکھوں ایکڑ اراضی کو قابل کاشت بنانے کیلئے اقدامات جاری ہیں کیونکہ حکومت فوڈ سکیورٹی کو اولین ترجیح دے رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے پہلی بار زراعت پر فوکس کیا ہے کیونکہ ہماری آبادی میں ہر سال اڑھائی فیصد کے تناسب سے 50 سے 60 لاکھ لوگوں کا اضافہ ہورہا ہے مگر اس کے برعکس 22 کروڑ ایکڑ اراضی میں سے ہم صرف 5 کروڑ ایکڑ اراضی کاشت کررہے ہیں اور باقی ناقابل کاشت ہے اسی لئے پہلی بار کوکنگ آئل کا امپورٹ بل کم کرنے کیلئے زیتوں کی کاشت کو پروان چڑھایا جارہا ہے اور پام آئل کی کاشت کی جانب بھی توجہ مرکوز ہے کیونکہ پہلے جو پام آئل 500 ڈالر فی ٹن تھا اب وہ کورونا وبا کے بعد 1200 ڈالر فی ٹن ہوگیا ہے لیکن چونکہ بلوچستان کی زمین روغنی اجناس کی کاشت کیلئے بہترین ہے اسلئے حکومت اس کیلئے اقدامات کررہی ہے اور انشاللہ پاکستان جلد زیتون پیدا کرنیوالے ٹاپ ٹی ممالک کی فہرست میں آجا ئے گا۔

انہوں نے کہا کہ زیتون کی کاشت کے فروغ کیلئے1 ارب روپے مختص کردیئے گئے ہیں۔ فرخ حبیب نے کہا کہ پی ٹی آئی عوام کی نمائندہ حکومت ہے جو عوام کی خدمت کیلئے ہمہ وقت کوشاں ہے اوراسے اندازہ ہے کہ آمدن میں اضافہ تبھی ہوگا جب کاروبار چلیں گے لہٰذا کامیاب جوان پروگرام سمیت سٹیٹ بینک اور دیگر شیڈولڈ بینکوں پر واضح کردیا گیا ہے کہ وہ کم ترین مارک اپ پر زیادہ سے زیادہ کاروباری قرضے جاری کریں تاکہ مارکیٹ سے سرمائے کی کمی کو دور کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ پہلے بڑے کاروباری گروپس کو ہی قرضے ملتے تھے لیکن اب بینکوں کو پابند بنایا گیا ہے کہ وہ چھوٹے کاروباروں کو بھی قرضے دیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کے ویژن کے مطابق پاکستان میں ڈیم بنائے جارہے ہیں اورڈیم بننے سے 10 ہزار میگا واٹ سستی بجلی نظام میں شامل ہوگی۔انہوں نے کہا کہ ماضی کے حکمرانوں نے عوام کے ٹیکس کے پیسوں کو اپنی ذات کیلئے استعمال کیالیکن اس کے برعکس موجودہ حکومت کسانوں اور عوام و غریب طبقات کو ریلیف دینے کیلئے اقدامات کررہی ہے اوروزیراعظم عوام کا پیسہ عوام پر خرچ کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے اقوام متحدہ میں کشمیر کا مقدمہ لڑااور عالمی سطح پر ناموس رسالت کی بات کی۔انہوں نے کہا کہ احساس پروگرام کے تحت عوام کیلئے 260 ارب روپے رکھے گئے ہیں کیونکہ پاکستان کے عوام کو ضروریات زندگی کی فراہمی یقینی بناناحکومت کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ جن چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروبارکرنیوالوں کے پاس پیسہ نہیں وہ بغیر کچھ رہن رکھوائے بینکوں سے آسان و سادہ شرائط کے تحت قرضے لیکر اپنے کاروبار چلاسکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ تاجر برادری کو سہولیات کی فراہمی کیلئے جامع حکمت عملی وضع کی جارہی ہے تاکہ ملکی معیشت کو دوام حاصل ہو یہی وجہ کہ کورونا کی وبا کے دوران مریم نواز شریف اور پرچی چیئرمین بلاول زرداری کے بار بار مطالبہ کے باوجود ملکی معیشت کو چلانے کیلئے مکمل لاک ڈاؤن نہیں کیا گیااور تمام کاروبار جاری و ساری رکھے گئے ورنہ ہمارا حال بھی بھارت، برطانیہ اور بنگلہ دیش جیسا ہوتا۔

فرخ حبیب نے کہا کہ موجودہ حکومت چھوٹے کاروباری طبقے کیلئے آسانیاں پیدا کررہی ہے اور اس کے ساتھ ساتھ نئے سیکٹرز کی بھرپور حوصلہ افزائی کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے۔پٹرول کی قیمتوں کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں قیمتوں کا بحران آیا ہوا ہے مگر پھر بھی ہم نے سیلز ٹیکس کو 17 سے کم کرکے ساڑھے 6 فیصد اور لیوی کو 25 سے کم کرکے 5 روپے کیاتاکہ عوام پر زیادہ بوجھ نہ پڑے

۔فرخ حبیب نے کہا کہ حکومت کے سوشل پروٹیکشن پروگرام کے بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔انہوں نے کہا حکومت شاہرات کی حالت بہتر بنارہی ہے اور کئی مرکزی شاہرات کے ٹینڈرز ہوچکے ہیں جن پر جلد کام شروع ہوجائے گا انہوں نے فیصل آباد کیلئے شروع کئے جانیوالے منصوبوں پر بھی تفصیلی روشنی دالی۔

وزیر مملکت اطلاعات و نشریات نے کامیاب ورکرز کنونشن کے انعقاد پر پی ٹی آئی کے رہنماؤں خالد رفیع چیمہ اور بیرسٹر عادل رفیع چیمہ سمیت دیگرقائدین کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ وہ جس مشن کو لیکر چلے ہیں وہ ان کو اس میں انکرج کرتے ہیں کیونکہ کچھ بھی مشکل نہیں ہوتا مگر صرف ہمت،جدوجہد مسلسل اور محنت کی ضرورت ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب کسی قیادت کی صلاحیت موجود ہواور کسی جانب قدم اٹھالیا جا ئے تو مقصد کوترجیح دیتے ہوئے ناکامی کا خوف نہیں ہونا چاہیے کیونکہ ہم نے اپنے قائد عمران خان سے یہی سیکھا ہے کہ جب حوصلے بلند، نیت صاف اور اللہ کے سوا کسی کا خوف نہ اور دامن صاف ہوتو منزلیں خود بخود قریب آجاتی ہیں۔ اس موقع پر دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔