اسلام آباد۔13اپریل (اے پی پی):پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ حکومت کو پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) سے کوئی خطرہ نہیں، جب یہ لوگ اکٹھے تھے اس وقت حکومت کو ٹف ٹائم نہیں دے سکے، پی ڈی ایم مختلف حصوں میں بٹ چکی ہے اور سیاسی جماعتیں ایک دوسرے پر گولہ باری کر رہی ہیں، اب یہ حکومت کو کیا ٹف ٹائم د یں گی؟ حکومت کی تمام تر توجہ مہنگائی پر قابو پانے سمیت ادارہ جاتی اصلاحات اور عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے پر مرکوز ہے، اپوزیشن کے شوروغل سے عوام اور ملک کی حالت بہتر نہیں ہو گی، ان لوگوں کو چاہیے کہ فضول کاموں پر وقت ضائع کرنے کی بجائے ملک کی بہتری کیلئے کردار ادا کریں، اپوزیشن جماعتیں چاہتی ہیں کہ ان کے قائدین کو بدعنوانی کیسز سے کلین چٹ دے دی جائے جو تحریک انصاف کے دور حکومت میں ممکن نہیں، ہم چاہتے ہیں کہ بدعنوانی کیسز جلد از جلد منطقی انجام تک پہنچیں۔
منگل کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام نے اپوزیشن جماعتوں کو مسترد کر دیا ہے کیونکہ عوام جانتے ہیں کہ ان کی تحریک عوام اور ملک کی بہتری کیلئے نہیں بلکہ ذاتی مفادات کے حصول کیلئے تھی، یہ لوگ خود کو سیاسی طور پر زندہ رکھنے کیلئے ڈرامے کرتے رہتے ہیں، جس طرح اپوزیشن کو گزشتہ چھ ماہ کے دوران صرف ناکامی اور شرمندگی اٹھانا پڑی ہے آئندہ بھی رسوائی ان کا مقدر ہے۔ شبلی فراز نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کے قائدین اپنے دور حکومتوں کے دوران بڑے پیمانے پر بدعنوانیوں میں ملوث رہے ہیں، اب دونوں سیاسی جماعتوں کے رہنما اپنے قائدین کا دفاع کرنے میں مصروف ہیں، حکومت نے جب بھی اپوزیشن سے بات کرنے کی کوشش کی ہے تو یہ لوگ گھوم پھر کر بدعنوانی کیسز پر آ جاتے ہیں، یہ چاہتے ہیں کہ ایسی قانون سازی کریں جس سے ان کے قائدین کو کلین چٹ مل جائے، جو ممکن نہیںِ، آج اگر وزیراعظم عمران خان کہیں کہ سوال نہیں پوچھا جائے گا تو یہ سارے خوش ہو جائیں گے اور حکومت کی تعریفیں کرنا شروع کر دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان بلاتفریق احتساب پر یقین رکھتے ہیں، تحریک انصاف کے لوگوں سے بھی پوچھ گچھ ہو رہی ہے کیونکہ احتساب کے بغیر ملک آگے نہیں جا سکتا۔ شبلی فراز نے کہا کہ حکومت کی قومی اداروں کے کاموں میں کوئی مداخلت نہیں ہے، نیب اور عدلیہ سمیت تمام ادارے اپنے دائرہ کار میں رہتے ہوئے کام کر رہے ہیںِ، ہم چاہتے ہیں کہ بدعنوان عناصر کے خلاف کیسز جلد منطقی انجام تک پہنچیں، ملک تب ترقی کرے گا جب ملک میں قانون کی حکمرانی قائم ہو گی، امیر اور غریب کیلئے قانون برابر ہو گا۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت کیلئے سب سے بڑا چیلنج مہنگائی پر قابو پانا ہے، ہمیں لوگوں کی مشکلات کا احساس ہے، حکومت مہنگائی پر قابو پانے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے، جوں جوں ملکی معیشت بہتر ہوتی جائے گی عوام کو ریلیف ملتا جائے گا۔ گورننس سے متعلق سوال کے جواب میں شبلی فراز نے کہا کہ سابقہ حکومتوں نے اداروں کو مضبوط کرنے کی بجائے انہیں ذاتی مفادات کیلئے استعمال کیا، ماضی کی حکومتوں نے عوام کو صحت اور تعلیم کی سہولیات مہیا کرنے پر توجہ نہیں دی، فرسودہ نظام کو ٹھیک کرنے کیلئے تحریک انصاف حکومت کی سمت درست ہے، راستے میں مشکلات ہیں لیکن ہماری کوشش ہے کہ جلد از جلد معاملات کو ٹھیک کیا جائے۔