حکومت کپاس کی پیداوار میں اضافے اور تحقیق کے فروغ کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے،ڈاکٹر خادم حسین

23
Cotton cultivation
Cotton cultivation

ملتان۔ 10 جون (اے پی پی):کاٹن کمشنر وزارت نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ ،چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان سینٹرل کاٹن کمیٹی (پی سی سی سی ) ڈاکٹر خادم حسین نے کہا ہے کہ حکومت کپاس کی پیداوار میں اضافے، جدید تحقیق کے فروغ اور کاشتکاروں کو بہتر بیج کی فراہمی کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل کاٹن ریسرچ انسٹیٹیوٹ (سی سی آر آئی ) ملتان کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر انہوں نے ادارے کے مختلف تحقیقی شعبہ جات، فیلڈ ٹرائلز اور جدید سائنسی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔

ڈاکٹر خادم حسین نے زرعی سائنسدانوں سے ریسرچ کی موجودہ پیش رفت پر تبادلہ خیال بھی کیا۔انہوں نے کہا کہ بدلتے موسمی حالات، پانی کی کمی اور کیڑوں کے بڑھتے ہوئے خطرات کے پیش نظر ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ کی اہمیت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ چکی ہے۔ ایسے میں مقامی حالات سے ہم آہنگ ہائبرڈ سیڈز کی تیاری وقت کی ضرورت ہے تاکہ فی ایکڑ پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ کیا جا سکے۔

ڈاکٹر خادم حسین نے مزید کہا کہ ہائی ڈینسٹی پلانٹیشن ٹیکنالوجی (ایچ ڈی پی ایس ) کے ذریعے محدود رقبے پر زیادہ پیداوار حاصل کی جا سکتی ہے، اس لیے اس پر تحقیقی سرگرمیوں اور عملی مظاہروں کو مزید تیز کیا جائے گا۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ ادارے کی فیلڈ ریسرچ کو کاشتکاروں تک منتقل کرنے کا عمل بھی تیز کیا جائے۔