اسلام آباد۔06اپریل (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت کھیلوں کی قومی فیڈریشنز میں شفافیت، جوابدہی اور پیشہ وارانہ مہارت کو یقینی بنانے کیلئے اصلاحات متعارف کروا رہی ہے،کھیل، قومی ترقی، نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور عالمی سطح پر پاکستان کی شناخت اجاگر کرنے کا ایک مؤثر ذریعہ ہیں ، قومی کھیل پالیسی نچلی سطح پر ٹیلنٹ کی تلاش، صنفی مساوات اور ہمہ گیری کو فروغ دینے پر مرکوز ہے۔
ہفتہ کو کھیلوں کے عالمی دن برائے ترقی و امن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ ترقی اور امن کے لیے کھیلوں کے عالمی دن کے موقع پر پاکستان، مثبت تبدیلی کے فروغ، رکاوٹوں کے خاتمے اور سرحدوں سے ماورا اتحاد کے لیے کھیلوں کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے، بین الاقوامی برادری کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ کھیل، قومی ترقی، نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور عالمی سطح پر پاکستان کی شناخت اجاگر کرنے کا ایک مؤثر ذریعہ ہیں اور یہی وجہ ہے کہ ہماری حکومت نے کھیلوں کو اپنے ترقیاتی ایجنڈے کا مرکزی ستون قرار دیا ہے،ہماری قومی کھیل پالیسی نچلی سطح پر شمولیت، ٹیلنٹ کی تلاش، صنفی مساوات اور ہمہ گیری کو فروغ دینے پر مرکوز ہے۔
انہوں نے کہا کہ ارشد ندیم / شہباز شریف ہائی پرفارمنس اکیڈمی جیسے اقدامات کے ذریعے ہمارا ہدف نوجوان کھلاڑیوں کو سائنسی بنیادوں پر تربیت، مالی معاونت اور جدید سہولیات کی فراہمی کے ذریعے مستقبل کے چیلنجز کے لیے تیار کرنا ہے،ہم اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ بہتر انتظام مضبوط کھیلوں کی بنیاد ہے۔
حکومت کھیلوں کی قومی فیڈریشنز میں شفافیت، جوابدہی اور پیشہ ورانہ مہارت کو یقینی بنانے کے لیے اصلاحات متعارف کروا رہی ہے تاکہ ادارہ جاتی نظم و نسق کو بہتر بنایا جا سکے، کھلاڑیوں کے انتخاب میں میرٹ کو مقدم رکھا جا سکے اور کھیلوں کے میدان میں اخلاقی اقدار کو فروغ دیا جا سکے۔ملک گیر تربیتی کیمپوں کے انعقاد سے لے کر 2026 میں 14ویں ساؤتھ ایشین گیمز کی تیاری تک، پاکستان خطے میں کھیلوں کی مہارت اور سیاحت کا مرکز بننے کے لیے پُرعزم ہے۔
وزیر اعظم نے تمام اسٹیک ہولڈرز بشمول سول سوسائٹی اور ترقیاتی شراکت داروں سے اپیل کی کہ تعلیم، صحت، ترقی اور امن سے متعلق پالیسیوں اور پروگراموں میں کھیل کو مؤثر انداز سے شامل کریں۔وزیراعظم نے کہا کہ آئیے ہم سب مل کر اپنے کھیلوں کے نظام کو مضبوط کریں اور آنے والی نسلوں کے لیے ایک زیادہ جامع، بااختیار اور پائیدار معاشرہ تشکیل دیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=578877