اسلام آباد۔23نومبر (اے پی پی):حکومت کی اتحادی جماعتوں کے قائدین نے آئینی تعیناتیوں کے حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے انہیں فیصلے کا اختیار سونپ دیاہے،
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اتحادی جماعتوں کے قائدین کا مشاورتی اجلاس بدھ کو وزیر اعظم ہاؤس میں منعقد ہوا ، اتحادی جماعتوں کے مشاورتی اجلاس میں پارٹی سربراہان اور راہنماؤں نے وزیراعظم شہباز شریف کی بھرپور حمایت کی،
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے آپ کو عزت اور منصب سے نوازا ہے، اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں، یہ آپ کا آئینی حق ہے اور ہم آپ کے ساتھ کھڑے ہیں، جے یوآئی (ف )کے امیر مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ وزیراعظم جو بھی فیصلہ کریں گے، جے یو آئی (ف )آپ کے ساتھ کھڑی ہے اور آپ کی تائید کرتی ہے،
بلوچستان عوامی پارٹی کے راہنما خالد مگسی نے کہاکہ آپ جو فیصلہ کریں، ہم آپ کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے ہیں، وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ میاں صاحب، ہم ہر فیصلے میں آپ کے ساتھ کھڑے ہیں،ایم کیو ایم پاکستان کے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ آپ پر مکمل اعتماد ہے، آپ کا آئینی حق ہے، آپ نے ہم سے مشاورت کی، آپ کا شکریہ، اسلم بھوتانی نے کہا کہ آئین کے تحت فیصلہ آپ کو کرنا ہے، ہم آپ کے فیصلے کی تائید کرتے ہیں،
محسن داوڑ نے کہا کہ اہم تقرریوں کا اختیار آپ کے پاس ہے اور آپ ہی اس کے مجاز ہیں، ہم آپ کے ساتھ ہیں،آفتاب شیر پاؤ نے کہا کہ اختیار آپ کا ہے، آپ نے ہم پر اعتماد کیا، ہم آپ پر مکمل اعتماد کرتے ہیں، شازین بگٹی نے کہا کہ دستور نے آپ کو ذمہ داری دی ہے، ہم آپ کے فیصلوں کی تائید و حمایت کرتے ہیں، مشاورت کرنا آپ کی جمہوری سوچ کا مظہر ہے،
سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے راہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ تمام جماعتوں کا وزیراعظم شہباز شریف پر مکمل اعتماد ہمارے لئے باعث فخر ہے۔