حکومت کی اولین ترجیح عام آدمی کو ریلیف فراہمی اور معیشت کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے، وزیراعظم

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے معاشی استحکام کو پائیدار اقتصادی ترقی میں تبدیل کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کی اولین ترجیح عام آدمی کو ریلیف فراہم اور معیشت کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے، وہ ہفتہ کو یہاں پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کیلئے آنے والے ارکان اسمبلی سے گفتگو کر رہے تھے۔

اسلام آباد۔13جون (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے معاشی استحکام کو پائیدار اقتصادی ترقی میں تبدیل کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کی اولین ترجیح عام آدمی کو ریلیف فراہم اور معیشت کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے، وہ ہفتہ کو یہاں پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کیلئے آنے والے ارکان اسمبلی سے گفتگو کر رہے تھے۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم سے ارکان اسمبلی ابرار شاہ، ثمینہ خالد، شاہدہ رحمان، جمال شاہ کاکڑ ، خرم شہزاد، سردار یعقوب خان ناصر، میجر (ر) طاہر اقبال اور میاں خان بگٹی نے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔

ارکان قومی اسمبلی نے متوازن اور عوام دوست بجٹ پیش کرنے پر وزیراعظم کی قیادت کو سراہا۔ وزیراعظم نے معاشی استحکام کو پائیدار اقتصادی ترقی میں تبدیل کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح عام آدمی کو ریلیف اور معیشت کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ میں تنخواہ دار طبقے کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا گیا۔ انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ بجٹ میں کاروباری برادری کے لیے ٹیکس میں رعایتوں اور دیگر سہولیات سے سرمایہ کاری بڑھے گی اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ پائیدار معاشی نمو کے ذریعے نوجوانوں کے لیے روزگار کے وسیع مواقع پیدا کیے جائیں گے۔ معاشی استحکام کے ثمرات عوام تک پہنچانے کے لیے اصلاحات کا عمل جاری رہے گا۔ اراکینِ قومی اسمبلی نے عوامی فلاح اور اقتصادی ترقی کے لیے حکومتی اقدامات کی مکمل حمایت کا اظہار کیا ۔ ملاقات میں ارکان قومی اسمبلی کے حلقوں سے متعلقہ امور پر بھی گفتگو ہوئی۔