ایبٹ آباد۔ 27 نومبر (اے پی پی):سابق وفاقی وزیر و مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا کے جنرل سیکرٹری مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا ہے کہ حکومت کی بہترین حکمت عملی سے فتنہ ناکام ہو گیا ہے،نہایت افسوس کا مقام ہے کہ ایبٹ آباد کی مقامی قیادت اور پی ٹی آئی خیبر پختونخواہ کے قائدین میں سے کوئی بھی ورکروں کے ہمراہ فرنٹ لائن میں نظر نہیں آیا اور نہ ان کے گھر والے یا بچے شامل تھے ،یہ لوگ اپنے ورکروں کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرتے اور انکے جذبات سے کھیلتے ہیں۔
بدھ کے روز سوشل میڈیا پر جاری بیان میں مرتضیٰ جاوید عباسی نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کی لیڈرشپ صرف اقتدار کی بھوکی ہے اور یہ نہایت ہی بزدل لوگ ہیں،یہ پاکستان کے خلاف ایک سازش تھی جو اپنے انجام کو جا پہنچی،24 نومبر کو پی ٹی آئی قائدین خان پور کے راستے سے ہی واپس آ گئے تھے اور مختلف ہوٹلوں میں چھپے رہے تھے ،خود ان کے بچے نہیں آتے اور یہ لوگوں کے بچوں کو آگے کرتے ہیں،ہم نے پچھلے تین دن میں کسی بھی ہزارہ سے تعلق رکھنے والے لیڈر کو فرنٹ لائن پر نہیں دیکھا جو انکے لیے ایک شرم کا مقام ہے۔