اسلام آباد۔26اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہےکہ حکومت برآمدات میں اضافہ اور اقتصادی بنیاد کو وسیع کر کے معیشت کو مضبوط بنانے کے لئے پرعزم ہے۔ ہفتہ کو نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئےانہوں نے کہا کہ حکومت کی توجہ غربت میں کمی اور معاشی ترقی کو تیز کرنے کے لیے ٹیکس ٹو جی ڈی پی کے تناسب کو بڑھانے پر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی اہم ترجیح ملک میں مزید سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے کاروبار کرنے کے سلسلے میں آسانیاں فراہم کرنا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ آئینی ترامیم پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سمیت تمام سیاسی جماعتوں میں اتفاق رائے ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے ہمیشہ ضروری اصلاحات کے ساتھ آگے بڑھنے کے لیے اتفاق رائے پیدا کرنے کو ترجیح دی ہے۔ انہوں نے پی ٹی آئی کے طرز عمل پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی اکثر سیاسی چالبازی کے لیے متضاد بیانات جاری کرتی ہے۔