لاہور۔9جنوری (اے پی پی):صدر لاہور چیمبر میاں ابوذر شاد نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے ”ای کامرس ”کو فروغ دینے کے اقدامات قابل ستائش ہیں،انڈسٹری میں ڈیجیٹلائزیشن کی افادیت اور ای کامرس کی بڑھتی ہوئی اہمیت کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز یہاں لاہور چیمبر اور نومیڈز ٹیک کے اشتراک سے”ڈیجیٹلائزیشن آف انڈسٹری اینڈ ای کامرس”کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر صوبائی وزیرلوکل گورنمنٹ ذیشان رفیق، لاہور چیمبر کے سابق صدر محمد علی میاں، ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین عامر علی، احد امین ملک، سید سلمان علی، آمنہ رندھاوا اور شیخ محمد فیاض بھی موجود تھے۔ صدر لاہور چیمبر میاں ابوذر شاد نے نومیڈز ٹیک کے تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ڈیجیٹلائزیشن کے فروغ میں ان کی خدمات قابلِ ستائش ہیں، انڈسٹری میں ڈیجیٹلائزیشن کی افادیت اور ای کامرس کی بڑھتی ہوئی اہمیت کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے زور دیا کہ موجودہ اور نئے کاروباری افراد کو وہ تمام ضروری معلومات اور اوزار فراہم کیے جائیں جو انہیں اپنے کاروبار کو ڈیجیٹل و ای کامرس پلیٹ فارمز پر منتقل کرنے میں مدد دیں۔
صدر لاہور چیمبر نے حکومت کی جانب سے ای کامرس کو فروغ دینے کی کوششوں کو سراہا، جن میں ای کامرس پالیسی فریم ورک کا نفاذ اور علی بابا و ایمیزون جیسے بڑے بین الاقوامی پلیٹ فارمز کی شمولیت شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ای کامرس سیکٹر سالانہ 6 فیصد کی شرح سے ترقی کررہا ہے اور 2029 تک اس کا حجم 6.7 بلین ڈالر تک پہنچنے کی توقع ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ سیمینار کے دوران ماہرین کی رہنمائی سے مقامی کاروبار ای کامرس پلیٹ فارمز پر منتقل ہو کر زیادہ کامیاب ہوں گے۔صوبائی وزیر ذیشان رفیق نے سیمینارسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی مریم نواز کی قیادت میں پنجاب حکومت صوبے کی معاشی ترقی کیلئے موثر اقدامات اٹھار ہی اوربیرونی سرمایہ کاروں کو ساز گار ماحول فراہم کرنے کیلئے کاوشیں جاری ہیں۔