اسلام آباد ۔ 24 جولائی (اے پی پی) حکومت نے کورونا کے بعد مختلف شعبوں کے لیے 1240ارب روپے ریلیف فنڈزکی تفصیلات قومی اسمبلی میں پیش کردیں۔ جمعہ کوقومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران پارلیمانی امورکیلیے وزیراعظم کے مشیرڈاکٹربابراعوان نے ایوان کوبتایا کہ ایمرجنسی ریسپانس کیلئے 190 ارب روپے، این ڈی ایم اے 25 ارب ،طبی سامان و کارکنان 50 ارب ، ہنگامی فنڈز 100 ارب اورشہریوں کے لیے ریلیف کے ضمن میں 570 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔زراعت ایمرجنسی کے لیے 277ارب روپے اور ایس ایم ایز کے لئے 100ارب روپے رکھے گئے ہیں، یومیہ اجرت مزدوروں کے لئے 200ارب غیر محفوظ گھرانوں اور پناہ گاہوں کے لئے 150 ارب روپے رکھے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پیٹرول ڈیزل پر ریلیف کے لئے 70 ارب روپے، یوٹیلٹی سٹورز 50ارب اوربجلی گیس بلوں کی موخرادائیگیوں کے لئے 100ارب روپے رکھے گئے ہیں۔ گندم کے کاشتکاروں کو ادائیگی کیلئے 280ارب روپے جبکہ برآمد کنندگان کے لئے 100ارب روپے رکھے ہیں۔ایک سوال پرانہوں نے کہاکہ حق داروں کو مروجہ طریقہ کارکے تحت شفا اندازمیں امداد فراہم کی جارہی ہے۔