حکومت کی فعال پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان کی آئی ٹی کی برآمدات اور سٹارٹ اپس میں حالیہ برسوں میں تیزی سے اضافے کا رجحان دیکھاگیا ہے۔نگراںوفاقی وزیر برائے آئی ٹی ڈاکٹر عمر سیف

76
آئی ٹی ایکسپورٹ میں اضافے کی حکمت عملی کا اعلان ،آئندہ 3 برس میں آئی ٹی ایکسپورٹ کے حجم کو 10 ارب ڈالر تک بڑھا یا جائے گا، ڈاکٹر عمر سیف

اسلام آباد۔16اکتوبر (اے پی پی):نگراںوفاقی وزیر برائے آئی ٹی اور ٹیلی کمیونیکیشن ڈاکٹر عمر سیف نے کہاہے کہ حکومت کی فعال پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان کی آئی ٹی کی برآمدات اور سٹارٹ اپس میں حالیہ برسوں میں تیزی سے اضافے کا رجحان دیکھاگیا ہے،آئی ٹی ایکسپورٹ اگلے 2سے3 سالوں میں بڑھ کر 10 ارب ڈالر تک پہنچنے کا امکان ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کوورلڈ ٹریڈ سینٹر دبئی میں جی ٹیکس گلوبل میں پاکستان پویلین کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کے پاس دنیا کی سب سے بڑی آئی ٹی نمائش جی ٹیکس میں سب سے بڑا نمائشی لاؤنج ہے۔ ہمارے پاس جی ٹیکس میں 27 کمپنیاں اور 45 سے زیادہ اسٹارٹ اپ نمائش کر رہے ہیں۔ ہمارا برانڈٹیک ڈسٹینیشن جی ٹیکس گلوبل 2023 میں نظر آنے والے سب سے بڑے برانڈز میں سے ایک ہے۔انہوں نے کہاکہ جی ٹیکس دبئی میں دو مقامات پر منعقد ہو رہا ہے جہاں 170 سے زائد ممالک اور 6000 کمپنیاں شرکت کر رہی ہیں۔

یہ نمائش 16 سے 20 اکتوبر 2023 تک جاری رہے گی۔انہوں نے کہاکہ پاکستان میں، آئی ٹی کی برآمدات اور سٹارٹ اپس نے حالیہ برسوں میں تیزی سے اضافے کا رجحان دیکھاگیا ہے، جو حکومت پاکستان کی فعال پالیسیوں کی وجہ سے ہے۔ آج پاکستان کی آئی ٹی ایکسپورٹ 2.6 ارب ڈالر سالانہ ہے جوکہ اگلے 2-3 سالوں میں بڑھ کر 10 ارب ڈالر تک پہنچنے کا امکان ہے۔انہوں نے کہاکہ صنعت کی حوصلہ افزائی کے لیے پاکستان خصوصی ٹیکنالوجی زونز قائم کر رہا ہے۔ تقریباً 5سے7 ٹیکنالوجی زونز تیار ہیں جبکہ دو ٹیکنالوجی زونز پہلے ہی کام کر رہے ہیں۔

ان ٹیکنالوجی زونز میں ٹیکنالوجی کمپنیاں، آؤٹ سورسنگ کمپنیاں، اسٹارٹ اپس، مالیاتی ادارے اور ریئل اسٹیٹ ڈویلپرز ہوں گے جو ٹیکنالوجی کے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کے قابل ہوں گے۔ ڈاکٹر سیف نے کہا کہ مزید برآں ہم پاکستان میں آن لائن کام کرنے والے 500,000 فری لانسرز کو ایڈجسٹ کرنے کے لیے ضروری انفراسٹرکچر کے ساتھ کام کرنے کی جگہیں بھی بنا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستان میں آئی ٹی میں دوسری سب سے بڑی آن لائن فری لانسنگ ورک فورس ہے۔

پاکستان میں اسٹارٹ اپس کے بارے میں بات کرتے ہوئے ڈاکٹر عمر سیف نے کہا کہ پاکستان میں اسٹارٹ اپس پر پہلے ہی 800 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی جاچکی ہے۔ یہ پاکستان کے آئی ٹی اور اسٹارٹ اپ سیکٹر میں صلاحیت کو ظاہر کرتا ہے۔تقریب کو سراہتے ہوئے، ڈاکٹر عمر سیف نے کہا کہ جی ٹیکس پاکستانی نمائش کنندگان کو صنعت کے اہم شراکت داروں کے ساتھ بات چیت اور نیٹ ورک کرنے، کاروباری مواقع تلاش کرنے اور دنیا بھر میں ہونے والی اہم پیش رفتوں کو جاننے کے لیے ایک مثالی پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔