حکومت کی فلسطین کے عوام کی مسلسل حمایت کے عزم اور اسرائیل سے متعلق پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی اور نہ ہی آئے گی،وفاقی وزیر قانون 

124
constitutional

اسلام آباد۔30مئی (اے پی پی):سینیٹ میں قائد ایوان و وفاقی وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ حکومت کی فلسطین کے عوام کی مسلسل حمایت کے عزم اور اسرائیل سے متعلق پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی اور نہ ہی آئے گی۔

پیر کو ایوان بالا کے اجلاس میں سینیٹر مشتاق احمد خان کے نکتہ اعتراض کے جواب میں قائد ایوان نے کہا کہ حکومت کی فلسطین کے عوام کی مسلسل حمایت کے عزم اور اسرائیل سے متعلق پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی اور نہ ہی آئے گی، اگر کسی نے غیر سرکاری دورہ کیا تو اس حوالے سے ایوان کو وزارت خارجہ اور متعلقہ اداروں سے معلومات حاصل کر کے آگاہ کریں، اس معاملہ پر سیاست نہیں ہونی چاہیے، پاکستانی پاسپورٹ پر اسرائیل کے سفر کی اجازت نہیں۔

انہوں نے کہا کہ فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں، اسرائیل کو ریاست نہیں مانتے، یہ قومی سلامتی سے جڑا معاملہ ہے، اگر کسی نشریاتی ادارہ سے منسلک فرد نے دورہ کیا تو اس کی تعیناتی ہمارے دور میں نہیں ہوئی، ماضی میں ہوئی ہو گی۔ بعد ازاں قائد حزب اختلاف سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم نے کہا کہ فلسطین اور اسرائیل سے متعلق پاکستان کی پالیسی کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔