حکومت کی مثبت پالیسیوں اور وزیر اعظم کی انتھک محنت کے باعث پاکستان کی برآمدات میں اضافہ ہو رہا ہے، وفاقی وزیر تجارت

101

اسلام آباد۔2جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ حکومت کی مثبت پالیسیوں اور وزیر اعظم کی انتھک محنت کے باعث پاکستان کی برآمدات میں اضافہ ہو رہا ہے جس کا واضح ثبوت پاکستان کی جانب سے کینیا کو 2024ء کے دوران 421 ملین ڈالر کی برآمدات ہیں۔

جمعرات کو وزارت تجارت کے جاری اعلامیہ کے مطابق سال 2023ء میں کینیا کو 310 ملین ڈالر کی برآمدات کی گئیں جبکہ 2024ء کے دوران یہ برآمدات 421 ملین ڈالر ریکارڈ کی گئیں جو کہ گزشتہ پانچ سال کے دوران سب سے بڑا اضافہ ہے۔

وفاقی وزیر تجارت جام کمال نے کہا کہ برآمدات میں اضافہ وزارت تجارت، ٹی ڈی اے پی اور نیروبی ہائی کمیشن کے ٹیم ورک کا نتیجہ ہے جس کے باعث اہم سنگ میل عبور کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کمرشل قونصلر عدیلہ یونس کی قیادت میں کینیا میں پاکستانی مصنوعات کی بھرپور تشہیر کی گئی اور بیرون ممالک منعقد ہونے والی ٹی ڈی اے پی کی نمائشوں نے بھی پاکستانی مصنوعات کی فروخت میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

جام کمال خان نے کہا کہ انشاء اللہ یہ ترقی نہ صرف مشرقی افریقہ میں ہماری تجارت کو بڑھائے گی بلکہ چائے کے درآمدی بل کو بھی کم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ برآمدات میں اضافہ پاکستان کی عالمی تجارتی رسائی اور اقتصادی استحکام کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔